دنیا
Time 06 مئی ، 2021

نامور ادیب اور نقاد شمیم حنفی نئی دہلی میں کورونا کے باعث انتقال کرگئے

شمیم حنفی پاکستان میں ادبی میلوں خاص طور پر عالمی اردو کانفرنس کے کئی بار مہمان بنے جہاں ان کی گفتگو ہمیشہ سامعین کے لیے بہت دلچسپ اور بصیرت افروز ہوتی تھی— فوٹو: فائل

اردو کے نام ور ادیب اور نقاد شمیم حنفی آج بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں انتقال کر گئے،  ان کی عمر 82 برس تھی، وہ چند روز سے کورونا میں مبتلا تھے۔

شمیم حنفی چند روز پہلے کورونا میں مبتلا ہوئے،  انہیں نئی دہلی کے ایک اسپتال میں داخل کیا گیا جہاں وہ جمعرات کی شام انتقال کر گئے۔

شمیم حنفی 17 نومبر 1938 کو بھارتی شہر سلطان پور میں پیدا ہوئے، انھوں نے الہ آباد یونیورسٹی اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے اعلیٰ تعلیم حاصل کی۔ اس کے بعد وہ پہلے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اور پھر جامعہ ملیہ اسلامیہ دہلی میں شعبہ  تدریس سے وابستہ رہے۔ 

انھوں نے تنقید کے ساتھ ساتھ ڈرامے بھی لکھے اور شاعری بھی کی۔ ابوالکلام آزاد کی مشہور کتاب انڈیا ونز فریڈم کا ترجمہ بھی کیا۔ ان کی مشہور کتابوں میں “جدیدیت کی فلسفیانہ اساس” اور منٹو حقیقت سے افسانے تک” شامل ہیں۔

شمیم حنفی پاکستان میں ادبی میلوں خاص طور پر عالمی اردو کانفرنس کے کئی بار مہمان بنے جہاں ان کی گفتگو ہمیشہ سامعین کے لیے بہت دلچسپ اور بصیرت افروز ہوتی تھی۔

مزید خبریں :