’بھارت میں پھیلی کورونا کی قسم کے پاکستان پہنچنے کا کوئی ثبوت نہیں ملا‘

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے تصدیق کی ہے کہ بھارت میں پھیلے ٹرپل میوٹینٹ کورونا کے پاکستان پہنچنے کا ثبوت نہیں ملا۔

ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ پاکستان آنے والے مسافروں کی سخت نگرانی کررہے ہیں، فضائی راستے سے پاکستان آنے والے مسافروں کی تعداد 80 فیصد تک کم کردی ہے جب کہ پاکستان آنے سے پہلے اور پاکستان پہنچنے پر کورونا کا پی سی آر ٹیسٹ لازمی قرار دیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ تھائی لینڈ نے پاکستان سے انڈین ویرینٹ اپنے ملک پہنچنے کا تاحال کوئی ثبوت نہیں دیا، برطانیہ اور خلیجی ممالک سے آنے والے مسافروں کی کڑی نگرانی کی جارہی ہے اور کورونا کا ٹیسٹ پازیٹو آنے پر مسافروں کو قرنطینہ کیا جارہا ہے۔

دوسری جانب ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر رانا صفدر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں لگائی جانے والی ایسٹرازینیکا ویکسین انڈین ویرینٹ کے خلاف بھی مؤثر ہے، انڈین ویرینٹ دنیا کے 50 ممالک میں پھیل چکا ہے البتہ پاکستان میں ابھی تک انڈین ویرینٹ پہنچنے کے کوئی شواہد نہیں ہیں۔

مزید خبریں :