20 جون ، 2021
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے سندھ حکومت اور پیپلز پارٹی کی قیادت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سندھ میں جمہوریت کے نام پر آمریت نافذ ہے۔
کراچی پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ جو پیسہ بھی سندھ سرکار کو دیتےہیں، وہ دبئی سے برآمد ہوتا ہے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ سندھ کے سب سے بڑے دشمن اس وقت صوبے پر راج کر رہےہیں، لانچوں اور جعلی اکاؤنٹس سے پیسہ باہر جاتا ہے جس کے باعث کراچی کو بجٹ میں حصہ بقدرِ جثہ نہیں ملتا۔
وفاقی وزیر اطلاعات کی جانب سے دوران گفتگو سندھ کو دیے جانے والے پیسے کی مانیٹرنگ کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔
انھوں کہا کہ وزیراعلیٰ پانی کا ریکارڈ مانگنے پر بھاگ رہے ہیں جبکہ بلاول بھٹو زرداری عام کسان اور ہاری کا پانی چوری کرکے پنجاب پر الزام لگا رہے ہیں، یہ بتایا جائے کہ فریال تالپور اور آصف زرداری کی زمینوں پر پانی کا ناغہ کیوں نہیں ہوتا، عوام کو ان کے خلاف کھڑا ہونا چاہیے۔
فواد چوہدری نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نےآخری الیکشن جیت لیا، اگلی مرتبہ پورا سندھ پی ٹی آئی کا ہوگا۔
فواد چوہدری نے گفتگو کے دوران اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو بھی آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ افسوس ہے کہ الیکٹورل اصلاحات پر شہباز شریف نے پارلیمنٹ کے باہر بات کرنےکا فیصلہ کیا، وجہ یہ ہے کہ شہباز شریف کا پارٹی پر کنٹرول نہیں رہا۔