Time 25 جون ، 2021
پاکستان

موبائل فون پر 5 منٹ سے زائد بات کرنے پر ٹیکس عائد

وفاقی حکومت نے موبائل فون پر 5 منٹ سے زیادہ بات کرنے پر ٹیکس عائد کر دیا۔

ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کی زیر صدارت ہونے والے قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر خزانہ شوکت ترین کا کہنا تھا کہ حکومت نے موبائل فون پر 5 منٹ سے زائد بات کرنے پر ٹیکس عائد کر دیا ہے۔

شوکت ترین کا کہنا تھا کہ موبائل فون پر 5 منٹ سے زیادہ بات کرنے پر 75 پیسے ٹیکس لیں گے لیکن ایس ایم ایس اور انٹرنیٹ پر کوئی ٹیکس نہیں ہوگا۔

وزیر خزانہ شوکت ترین کا کہنا تھا کہ ایف بی آر کی ہراسگی سب کا مسئلہ ہے، اس کی وجہ سے ٹیکس پیئر ریٹرنز فائل نہیں کرتا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے ہم تھرڈ پارٹی بنائیں گے جو ایک قانونی اسٹرکچر ہو، ہم صرف آڈٹ کریں گے، ٹیکس پیئرکے ساتھ گفتگو کی جائے گی، اسے گرفتار نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ ڈیڑھ کروڑ افراد کی پروفائل آگئی ہیں کہ یہ ٹیکس نہیں دے رہے، اس معاملے میں ایف بی آر وہاں نہیں جائے گی، اس کا نظام یہ لارہے ہیں کہ تیسرے فریق کے ذریعے ان سے بات کریں۔

غریب پر مزید بوجھ نہیں ڈالا جائے گا، اس بار ہم پائیدار ترقی کریں گے: وزیر خزانہ

شوکت ترین نے قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے دو ٹوک اعلان کیا کہ کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا جائے گا اور غریب پر مزید بوجھ نہیں ڈالا جائےگا، 900 ارب روپے بجلی استعمال کیے بغیر  ادا کر رہے ہیں، عمرا ن خان نے بجلی ٹیرف میں اضافے سے منع کر دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کورونا سمیت دیگر مشکلات کے باوجود عمران خان نےدلیرانہ فیصلے کیے، حکومتی اقدامت سے معاشی گروتھ میں اضافہ ہوا، پاکستان نے 2 فیصد، آئی ایم ایف نے ایک اعشاریہ تیں اور عالمی بینک نے دو فیصد معاشی گروتھ کا کہاتھا، حکومت نے اس سے دوگنا کرکے دکھا دیا، آج پاکستان کی معاشی گروتھ 5 فیصد پرپہنچ گئی ہے، اس مرتبہ ہم جامع اور  پائیدار ترقی کریں گے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل  وزیر خزانہ شوکت ترین کا کہنا تھا کہ موبائل کالز، انٹرنیٹ ڈیٹا اور ایس ایم ایس پر ٹیکس لگانے کی وزیراعظم اورکابینہ نےمخالفت کی جس کے بعد ان سب پر ٹیکس عائد نہیں ہوگا۔

مزید خبریں :