کھیل
Time 08 جولائی ، 2021

یوروکپ سیمی فائنل: مداح کی جانب سے لیزر لائٹ مارنے پر انگلش ٹیم کو کارروائی کا سامنا

گزشتہ روز کھیلے گئے یو رو کپ کے سیمی فائنل میچ کے آخری لمحات میں ڈنمارک گول کیپر کے چہرے پر انگلش مداح کی جانب سے “لیزر لائٹ” ماری گئی —فوٹو : سوشل میڈیا
گزشتہ روز کھیلے گئے یو رو کپ کے سیمی فائنل میچ کے آخری لمحات میں ڈنمارک گول کیپر کے چہرے پر انگلش مداح کی جانب سے “لیزر لائٹ” ماری گئی —فوٹو : سوشل میڈیا

یورو کپ فٹبال ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل  میچ  میں انگلش مداح کی جانب سے  ڈنمارک کے گول کیپر  پر لیزر لائٹ مارنے پر انگلش فٹ بال ٹیم کو کارروائی کا سامنا کرنا پڑگیا ہے۔

 گزشتہ روز کھیلے گئے یو رو کپ کے سیمی فائنل  میچ کے آخری لمحات میں ڈنمارک  کےگول کیپر کے چہرے   پر  اسٹیڈیم میں موجود نامعلوم انگلش مداح کی جانب سے  ’لیزر لائٹ‘ ماری گئی،  خیال کیا جارہا ہے کہ اس کا مقصد گول کیپر کی پینالٹی روکنے کی کوشش کو  متاثر کرنا تھا۔

لیزر لائٹ مارنے کے بعد انگلش کھلاڑی نے کک لگائی تو کیپر نے روک لی تاہم دوسری کوشش میں گول ہوگیا۔

یورپی فٹبال فیڈریشن  یوئیفا نے  یوروکپ سیمی فائنل کے دوران ڈنمارک کے گول کیپر کو ’ لیزر  لائٹ ‘ مارنے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔  یوئیفا کا کہنا ہے کہ اس معاملے کی تحقیقات یو ئیفا کی کمیٹی کرے گی۔

اس کے علاوہ برطانوی میڈیا  کے مطابق انگلش ٹیم پر   ڈنمارک کے قومی ترانے  کے دوران انگلش مداح کی جانب سے نامناسب رویہ اپنانے  اور  وقت سے پہلے آتش بازی کرکے قومی ترانے میں خلل ڈالنے کا بھی الزام عائد کیا گیا ہے۔


واضح رہے کہ گذشتہ روز انگلینڈ اور ڈنمارک کے درمیان فیصلہ کن میچ  1-1 سے برابر رہا ، میچ کا فیصلہ اضافی ٹائم میں ہوا، جہاں انگلش کپتان نے گول کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو فتح دلائی ۔

1966 کے بعد انگلینڈ کی ٹیم  کسی بڑے فٹ بال ایونٹ کے فائنل میں پہنچی ہے۔  یورو کپ کا فائنل اتوار کو رات 12 بجے  انگلینڈ اور اٹلی کے درمیان ہوگا۔

مزید خبریں :