21 جولائی ، 2021
کراچی میں پولیس نے بپھرنے والے قربانی کے جانور کو مارنےکے لیے جدید اسلحےکے استعمال کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے سیکیورٹی گارڈسمیت 4 افراد کو حراست میں لے لیا۔
پولیس کے مطابق اسکیم 33میں قربانی کے لیے لائے گئے بھینسے پر فائرنگ میں استعمال ہونے والی ایک رائفل بھی قبضے میں لے لی ہے اور فوٹیج میں نظر آنے والے مزید افراد کی تلاش کے لیے کارروائی کی جارہی ہے۔
خیال رہےکہ کراچی کے علاقے یونیورسٹی ہاؤسنگ سوسائٹی (اسکیم 33) میں قربانی کے لیے لایا جانے والا بھینسا بپھر گیا تھا، رسی توڑ کر بھاگنے والے بھینسے کوسیکیورٹی گارڈز اور مقامی افراد نے فائرنگ کرکے زخمی کیا اور نڈھال ہونے کے بعد اسے ذبح کیا گیا۔
ایس ایس پی ایسٹ ساجد احمد سدوزئی کا کہنا تھا کہ واقعےکی تحقیقات کر رہےہیں۔
رپورٹ کے مطابق بھینسے کو 20 سے زائد گولیاں ماری گئیں، زخمی ہونے کے باوجود بھینسا بھاگتا رہا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں 8 سے زائد افراد کے پاس جدید اسلحہ دیکھا جا سکتا ہے، اس موقع پر شہریوں کی جانب سے کھلے عام اسلحہ کی نمائش کی گئی۔