پاکستان

ظاہرجعفر نے امریکا کا ٹکٹ کرایا، نور کو ننگے پاؤں گھر سے نکالا، نئے انکشافات سامنے آگئے

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں قتل ہونے والی نور مقدم کیس میں مزید انکشافات سامنے آگئے۔

ملزم ظاہر ذاکر جعفر کے امریکا جانے کیلئے لیےگئے ٹکٹ کی کاپی جیونیوز نے حاصل کرلی۔

ملزم ظاہر جعفر کی ٹکٹ بلیوایریا کی ایک ٹریول ایجنسی سے بک کرائی گئی تھی جو نیو یارک کیلئے ون وے تھی اور اس کی مالیت 88 ہزار روپے تھی۔

ذرائع کے مطابق ملزم ظاہر جعفر نے 18 اور 19 جولائی کی درمیانی شب ایک بجے ٹریول ایجنٹ کو فون کرکے پوچھا اگر امریکا نہ جاؤں تو کیا ہوگا؟ ٹریول ایجنٹ نے کہاکہ  آپ کا ٹکٹ ضائع ہوجائے گا۔

ظاہر جعفر نے کہا میں تو 3 گھنٹے پہلے آپ کو آگاہ کررہا ہوں، ٹکٹ کیسے ضائع ہوجائے گا۔

ٹریول ایجنٹ نے کہا کہ تین گھنٹے پہلے فلائٹ کا تمام کنٹرول ائیرپورٹ کے پاس چلاجاتا ہے  پھر بھی ٹکٹ کینسل کرانے کی کوشش کرلیتا ہوں۔

ظاہر جعفر نے کہا کہ اگر 10 دن بعد جاؤں تو کیا ہوگا، ٹریول ایجنٹ نے کہاکہ اگر ٹکٹ کینسل ہو گیا تو ریٹ میں آنے والا فرق ادا کرنا ہوگا۔ اس پر ظاہر جعفر نے کہا کہ اچھا پھر تھوڑی دیر میں بتاتا ہوں۔

ذرائع کے مطابق 18 اور 19 جولائی کی درمیانی رات ٹریول ایجنٹ اور ملزم کے درمیان 5 مرتبہ ٹیلیفونک رابطہ ہوا، پھر ایس ایم ایس پر ملزم ظاہرجعفر نے ٹریول ایجنٹ سے کہاکہ  امریکا جاؤں گا ۔

رات 3 بج کر58 منٹ پر ملزم نے ٹریول ایجنٹ کو پھر کال کی جو ریسیو نہیں ہوئی۔ ملزم ظاہر جعفر کی فلائٹ 19 جولائی کی صبح 3 بج کر 50 منٹ پر نیو یارک روانہ ہونا تھی اور ذرائع کے مطابق اس نے 18 جولائی کو دن 12 بج کر 59منٹ پر ائیرپورٹ جانے کیلئے 2 ہزار روپے میں ٹیکسی بھی بک کرا لی تھی۔

ٹیکسی ڈرائیور18 جولائی کی شب 11 بجے ملزم کے گھر پہنچ گیا اور پہلی کال 11 بج کر 15 منٹ پر کی۔

ظاہر جعفر نے ٹیکسی ڈرائیور کو انتظار کرنے کا کہا جس کے بعد ٹیکسی ڈرائیور نے 11 بج کر36 منٹ پر دوسری کال کی تو ظاہر نےمزیدانتظارکرنےکاکہا۔

ملزم نے رات 12 بج کر7منٹ پر ٹیکسی ڈرائیور سےکہاکہ  تم چلے جاؤ میں نہیں جارہا پھر اپنے چوکیدار کے ہاتھ ٹیکسی ڈرائیور کو ایک ہزار روپے بھی بھجوائے۔

ٹیکسی ڈرائیور نے رات ایک بج کر 40 منٹ پر ملزم کو تیسری کال کی اور کہا آپ نے مجھے ہزار روپے دیےہیں، اگر آپ اب بھی جاناچاہتےہیں تو لینے آ جاتا ہوں جس پر ملزم ظاہر جعفر نے اسے بلالیا۔

ٹیکسی ڈرائیور رات 2 بجے ملزم کے گھر پھر پہنچ گیا۔ رات سوا دو بجے ملزم نور مقدم کے ہمرا گھر سے باہر آیا۔

ذرائع کے مطابق نورمقدم ننگے پاؤں تھی، 2 بج کر 20 منٹ پر ٹیکسی ڈرائیور ظاہر جعفر اور نور مقدم کو لے کر ائیرپورٹ کی جانب روانہ ہوا۔

ملزم دوران سفر نورمقدم کے ساتھ گفتگو بھی کرتا رہا، ٹیکسی کلثوم انڈرپاس بلیو ایریا کے قریب پہنچی تو ظاہر جعفر نے ڈرائیور سے کہا واپس گھر چلو، اس پر ڈرائیور نے پوچھا، صاحب کیا ہوا، تو ظاہر جعفر نے کہا ہم ائیرپورٹ نہیں پہنچ سکتے، لیٹ ہیں۔

ڈرائیور نےگاڑی واپس موڑلی اور 02 بج کر 35 منٹ پر ملزم اور نور مقدم کو گھر واپس پہنچادیا۔

ظاہر جعفر نور مقدم کو سامان سمیت گھر کے اندر لے گیا ، اس وقت بھی نور مقدم ننگے پاؤں تھی۔

مزید خبریں :