Time 03 ستمبر ، 2021
انٹرٹینمنٹ

اداکارہ مہرین سید نے خواجہ سراؤں کو خودمختار بنانے کا بیڑہ اٹھا لیا

معروف ماڈل اور  اداکارہ مہرین سید نے خواجہ سراؤں کو  ہنرمند بنانے کا بیڑا اٹھا لیا۔

خواجہ سرا ؤں کا شمار معاشرے کے پسے ہوئے طبقات میں ہوتا ہے اسی لیے ماڈل اور اداکارہ مہرین سید نے خواجہ سراؤں کو خود مختار  بنانے کی کوششوں کا آغاز کیا ہے۔

مہرین سید نےلاہور میں خواجہ سراؤں کے لیے تربیت گاہ قائم کی ہے جہاں آنے والے  خواجہ سراؤں کو  میک اَپ کے ساتھ ساتھ گرومنگ کی کلاسز بھی دی جاتی ہیں۔

خواجہ سراؤں کو ہنرمند بناکر باعزت روزگار کی فراہمی میں مدد کی جاتی ہے

ماڈل مہرین سید نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ   اپنی تربیت گاہ میں خواجہ سراؤں کو مختلف ہنر سکھاتی ہیں، یہاں خواجہ سراؤں کو ہنرمند بناکر  باعزت روزگار کی فراہمی میں بھی ان کی مدد کی جاتی ہے۔

مہرین سید کے مطابق جہاں خواجہ سراؤں کو تربیت کی ضرورت ہے وہیں معاشرے کو بھی ان سے متعلق رائے بدلنی ہو گی، لوگ خواجہ سراؤں سے متعلق اپنی سوچ بدلیں تاکہ یہ بھی معاشرے کے مفید شہری بن سکیں۔

ماڈل و اداکارہ کا کہنا ہے کہ خواجہ سراؤں کو معاشرے کا مفید شہری بنانے اور انہیں دیگر شہریوں کی طرح باعزت مقام دلوانے کے لیے عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔ 

خواجہ سرا بھی مہرین سید کے اقدامات سے مطمئن

 دوسری جانب تربیت حاصل کرنے والے خواجہ سرا بھی مہرین سید کے اس اقدام سے مطمئن نظر  آتے ہیں۔

جیو نیوز  سے گفتگو کرتے ہوئے ایک خواجہ سرا  کا کہنا تھا کہ تعلیم یافتہ ہونے کے باوجود ان کا معاشرے میں کوئی مقام نہیں تھا لیکن اب وہ اپنی زندگی میں نمایاں فرق محسوس کرتے ہیں۔

مزید خبریں :