16 اکتوبر ، 2012
باکو …صدر آصف زرداری نے کہاہے کہ علاقائی تعاون کا نظریہ شہید بے نظیر بھٹو نے دیا تھا،علاقائی ملکوں کو چیلنجز کا باہمی تعاون سے مقابلہ کرنا ہوگا۔آزر بائیجان کے دار الحکومت باکو میں اقتصادی تعاون تنظیم ECO کے 12 ویں سربراہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان علاقائی رابطوں اور تجارت کو فروغ دینا چاہتا ہے اورہم علاقائی تعاون کو فروغ دے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تنظیم کو اپنے اہداف حاصل کرنے کے لئے طویل سفر طے کرنا ہے، پاکستان علاقائی رابطوں اور تجارت کو فروغ دینا چاہتا ہے، ہمیں تجارت، ٹرانسپورٹ اور توانائی کے شعبوں پر توجہ دینا ہوگی۔ صدر مملکت نے کہا کہ آزادانہ تجارت کے لئے ٹیرف اور نان ٹیرف رکاوٹیں ختم کرنا ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ شہید بے نظیر بھٹو نے خواتین کے حقوق کے لئے جدجہد کی۔ صدر زرداری نے کہا کہ ملالہ یوسف زئی پاکستان کی بیٹی ہے، اس پر حملہ پاکستان کے ہر بچے پر حملہ ہے۔ اس سے پہلے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ترک وزیر اعظم رجب طیب اردوان نے کہا کہ اقتصادی تعاون تنظیم مستقبل میں عالمی سطح پر اہم کرادر ادا کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ تنظیم کو مضبوط بنانے اور رکن ممالک میں تعلقات کے فروغ میں کردار ادا کرتے رہیں گے۔ اجلاس میں 10ممالک کے سربراہان مملکت اور حکومتی نمائندے شریک ہیں۔