22 ستمبر ، 2021
نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے پہلے میچ کے ٹاس سے قبل پاکستان کا دورہ منسوخ کیا اور دورے کی منسوخی کی وجہ سکیورٹی خدشات کو بنایا۔
دورے کے دوران نیوزی لینڈ کی ٹیم کو وہی سکیورٹی دی گئی جو کہ برطانوی شاہی خاندان کے جوڑے کو پاکستان آمد پر دی گئی تھی۔
دورے کی منسوخی کے بعد وزیر داخلہ شیخ رشید نے دو بار بیان دیا کہ نیوزی لینڈ کی اتنی فوج نہیں جتنی ہم نے ان کی ٹیم کوسکیورٹی دی۔
اس حوالے سے دستیاب معلومات کے مطابق نیوزی لینڈ کی ریگولرفوج اور ریزرو دستوں کی تعداد 12424 اہلکاروں پر مشتمل ہے۔
نیوزی لینڈ کی آفیشل ڈیفنس فورسز کی ویب سائٹ کے مطابق ریگولر فورسز میں بری فوج کے اہلکاروں کی تعداد 4848، فضائیہ کے 2541 اور نیوی کے 2334 اہلکار ہیں اور یہ تعداد مجموعی طور پر9723 ہے۔
نیوزی لینڈ کے ریزور فوج کی تعداد 2701 ہے جس میں آرمی کے 1864، نیوی کے 535 اور ائیرفورس کے 302 اہلکار ہیں۔
نیوزی لینڈ کی فوج کی تعداد اور پاکستان کی جانب سے کیویز ٹیم کو دی گئی سکیورٹی کو دیکھیں تو بظاہر وزیرداخلہ شیخ رشید کا بیان حقائق پر مبنی لگتا ہے۔