دنیا
Time 03 اکتوبر ، 2021

پنڈورا پیپرز: سچن ٹنڈولکر اور گلوکارہ شکیرا کی بھی آف شور کمپنیاں سامنے آگئیں

بھارتی کرکٹر سچن ٹنڈولکر اور عالمی شہرت یافتہ کولمبین گلوکارہ شکیرا کی بھی آف شور کمپنیاں سامنے آگئیں ہیں —فوٹو: فائل
بھارتی کرکٹر سچن ٹنڈولکر اور عالمی شہرت یافتہ کولمبین گلوکارہ شکیرا کی بھی آف شور کمپنیاں سامنے آگئیں ہیں —فوٹو: فائل 

نامور شخصیات کے مالی امور پر مشتمل دنیا کی سب سے بڑی تحقیقات ’پنڈورا پیپرز‘ میں بھارت کے سابق کرکٹر سچن ٹنڈولکر اور  عالمی شہرت یافتہ کولمبین گلوکارہ شکیرا کی بھی آف شور کمپنیاں سامنے آگئیں۔

بھارت کے سابق کرکٹر سچن ٹنڈولکر  اور کولمبین گلوکارہ شکیرا کے ساتھ ساتھ جرمنی سے تعلق رکھنے والی اداکارہ اور ماڈل کلوڈیا شیفر بھی  پنڈورا پیپرز میں آف شورکمپنی بنانے والوں میں شامل ہیں۔

سچن ٹنڈولکر کے وکیل کا کہناہے کہ سچن کی سرمایہ کاری جائز ہے اور اسے ٹیکس حکام کے سامنے ڈکلیئر کیا گیاہے۔

گلوکارہ  شکیرا کے وکیل کے مطابق گلوکارہ نے اپنی کمپنیوں کو ڈکلیئر کیا ہوا ہے جبکہ  شیفر کے وکیل کے مطابق سپر ماڈل اپنے ٹیکس برطانیہ میں درست طریقے سے ادا کرتی ہیں۔

اس کے علاوہ اردن کے بادشاہ شاہ عبداللہ کا نام بھی پنڈورا پیپرز میں آف شورکمپنی بنانے والوں میں شامل ہے، قطر کے حکمرانوں کی آف شورکمپنیاں بھی پنڈورا پیپرز میں سامنے آئی ہیں۔

یوکرین، کینیا اور ایکواڈور کے صدور کی آف شورکمپنیاں بھی پنڈورا پیپرز میں شامل ہیں، چیک ری پبلک اور لبنان کے وزرائے اعظم کی بھی آف شورکمپنیاں نکل آئی ہیں۔

خیال رہےکہ پنڈورا پیپرز ایک کروڑ 19 لاکھ فائلوں پر مشتمل ہیں اور تحقیقات میں دنیا کے 117 ملکوں کے 150 میڈيا اداروں کے 600 سے زائد رپورٹرز نے حصہ لیا ہے، صحافتی دنیا کی سب سے بڑی تحقیقات میں پاکستان سے دی نیوز کے عمر چیمہ اور فخر درانی شریک ہوئے۔

مزید خبریں :