دنیا
Time 08 اکتوبر ، 2021

امن کا نوبیل انعام 2 صحافیوں کے نام

2021 کا نوبیل امن انعام دو صحافیوں فلپائن کی ماریا ریسا اور روس کے دمتری مراتوف کو دیا گیا۔ فوٹو: نوبیل پرائز
2021 کا نوبیل امن انعام دو صحافیوں فلپائن کی ماریا ریسا اور روس کے دمتری مراتوف کو دیا گیا۔ فوٹو: نوبیل پرائز

اوسلو: 2021 کا نوبیل امن انعام دو صحافیوں فلپائن کی ماریہ ریسا اور  روس کے دمتری مراتوف کو دے دیا گیا۔

دونوں صحافیوں کو امن کا نوبیل انعام اظہار  رائے کی آزادی کے لیے بھرپور کوششوں پر دیا گیا ہے۔

ناروے کے نوبیل کمیٹی کے سربراہ بریٹ ریس اینڈرسن نے فاتحین کا اعلان کیا اور کہا کہ "آزاد  اور حقائق پر مبنی صحافت طاقت کے غلط استعمال، جھوٹ اور جنگی پروپیگنڈے سے تحفظ فراہم کرتی ہے۔"

انہوں نے کہا کہ"اظہار رائے کی آزادی اور  پریس کی آزادی کے بغیر، قوموں کے درمیان بھائی چارے کو کامیابی سے فروغ دینا اور اسلحے کا خاتمہ مشکل ہو گا۔"

نوبیل کمیٹی نے کہا کہ ماریہ ریسا نے 2012 میں ایک نیوز ویب سائٹ ریپلر کی مشترکہ بنیاد رکھی جس نے "صدر روڈریگو دوترٹے حکومت کی متنازع منشیات مخالف مہم پر تنقیدی توجہ مرکوز کی۔"

انہوں نے ریپلر کے ذریعے انکشاف کیا کہ کس طرح سوشل میڈیا کو جعلی خبریں پھیلانے ، مخالفین کو ہراساں کرنے اور عوامی گفتگو میں ہیرا پھیری کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔

نوبیل امن انعام جیتنے والے دوسرے صحافی دمتری مراتوف 1993 میں آزاد روسی اخبار نووایا گزیٹا کے بانیوں میں سے تھے۔

نوبیل کمیٹی نے کہا کہ نووایا گزیٹا آج روس کا سب سے آزاد اخبار ہے جس میں طاقت کے حوالے سے بنیادی تنقیدی رویہ شامل ہے۔

روسی حکومت کے ترجمان نے بھی دمتری مراتوف کو نوبیل امن انعام ملنے پر مبارکباد پیش کی اور  انہیں باصلاحیت اور بہادر انسان قرار دیا۔

یاد رہے کہ نوبیل ایوارڈ کے ساتھ گولڈ میڈل اور  10 ملین سویڈش کرونر (1.14 ملین ڈالر سے زائد) انعامی رقم بھی دی جاتی ہے۔

مزید خبریں :