20 اکتوبر ، 2021
وزیراعظم عمران خان نے کم آمدنی والوں کیلئے پیٹرول پر سبسڈی دینے کا پلان بنانے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پارٹی رہنماؤں کا اجلاس ہوا جس میں ملک میں معاشی و سیاسی صورتحال پر غور کیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے کم آمدنی والوں کیلئے پیٹرول پر سبسڈی دینےکا پلان بنانے کی ہدایت کی۔
موٹرسائیکل، رکشا اور عوامی سواری کو کم قیمت پرپیٹرول دینےکا پلان اگلے ہفتے پیش ہوگا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں مہنگائی کم کرنےکیلئے ضلعی سطح پرکمیٹیاں بنانے اور یوٹیلٹی اسٹورز کے ذریعے کم آمدن والے افراد کو ٹارگٹڈ سبسڈی دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
دوسری جانب تحریک انصاف کی کور کمیٹی اجلاس کا اعلامیہ جاری کیا گیا جس کے مطابق وزیر اعظم نے ٹارگٹڈ سبسڈی پروگرام کو جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت کی ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سبسڈی پروگرام وفاق اور صوبائی حکومتوں کی مشترکہ مالی معاونت سے شروع ہوگا اور اس سبسڈی پر پنجاب اور خیبر پختونخوا نے پہلے سے دلچسپی کا اظہار کیا ہے جبکہ سندھ اور بلوچستان سے بات چیت کی جارہی ہے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ غریب طبقے کیلئے ٹارگٹڈ سبسڈی کا بڑا پروگرام جلد شروع کیا جائے۔
ان کا کہنا تھاکہ مہنگائی کے اثرات کا احساس ہے، صحت کارڈ، کسان کارڈ اور احساس پروگرام کے دائرہ کار بڑھارہے ہیں۔