Time 25 اکتوبر ، 2021
کھیل

بابراعظم کو دیکھ کر ٹی وی اسکرین چومنے والے کشمیری شہری کی ویڈیو وائرل

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت کو گزشتہ روز 10 وکٹوں سے ملنے والی عبرتناک شکست پر پاکستان سمیت دنیا بھر کے کرکٹ شائقین جوش و خروش میں مبتلا ہیں۔

بھارت کی تاریخی شکست پر کہیں کوئی ڈھول کے تھاپ پر رقص کرنے لگا تو کہیں ہوائی فائرنگ اور آتش بازی دیکھنے میں آئی۔

لیکن اب کشمیر سے پاکستانی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کے مداح اور کرکٹ کے  متوالے کی ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں انہیں گھر میں ٹی وی اسکرین کو چومتے دیکھا جاسکتا ہے۔

ٹوئٹر پر وائرل ویڈیو میں ایک شخص کو اپنے گھر کی ٹی وی اسکرین چومتے دیکھا جاسکتا ہے اور وہ بابراعظم کو دیکھ کر اسکرین کو چوم رہے ہیں۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے آفیشل ٹوئٹر پیج پر بھی ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں پاکستان کی فتح پر سری نگر  کی سڑکوں پرہونے والے جشن کو دکھایاگیا ہے۔

پاکستان کی بھارت کیخلاف شاندار  فتح پر دنیا بھر کے پاکستانیوں کے ساتھ مقبوضہ کشمیر کے عوام نے  بھی جشن منایا اور ایک بار پھر ثابت کردیا کہ زمین پر قبضہ جس کا بھی ہو،کشمیریوں کے دل صرف اور صرف پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سپر 12 مرحلے میں پاکستان نے بھارت کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 10 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

دبئی میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز بنائے، جواب میں پاکستان نے 152 رنز کا ہدف بغیر کسی نقصان پر اٹھارویں اوور میں باآسانی حاصل کرلیا تھا۔


مزید خبریں :