09 نومبر ، 2021
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے درمیان 11 نومبر کو دوسرا سیمی فائنل کھیلا جائے گا۔
سوشل میڈیا صارفین کو اس سنسنی خیز مقابلے سے قبل میچ کے علاوہ ایک اور ٹینشن لاحق ہوگئی اور وہ یہ کہ سابق پاکستانی کپتان اور فاسٹ بولر وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم کونسی ٹیم کو سپورٹ کریں گی؟
ٹوئٹر پر ایک صارف ثمرا طارق نے پاکستان اور آسٹریلیا کے سیمی فائنل کا پوسٹر شیئر کیا اور ساتھ ہی انہوں نے ملین ڈالر سوال بھی پوچھا۔
صارف نے لکھا کہ میں یہ جاننے میں کافی دلچسپی رکھتی ہوں کہ اس میچ میں شنیرا کس کی حمایت کریں گی؟
ثمرا طارق نے پروگرام 'دی پویلین' کے میزبان فخرِ عالم کو مینشن کرتے ہوئے لکھا کہ کیا آپ ہمارے لیے وسیم اکرم سے یہ سوال پوچھ سکتے ہیں؟
تاہم شنیرا نے صارف کی ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کیا اور جواب دینے کے بجائے الٹا سوال ہی کرلیا۔
انہوں نے کہا کہ میں آپ سب سے جاننا چاہتی ہوں، آپ کے خیال میں میں کس ٹیم کو سپورٹ کروں گی؟
شنیرا اکرم کے اس سوال پر صارفین نے دلچسپ تبصرے پیش کیے، کسی نے شنیرا کی وسیم اکرم کے ساتھ تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ آپ کی وسیم کیلئے محبت دیکھتے ہوئے ایسا ہی لگتا ہے کہ آپ پاکستان کے ساتھ ہوں گی تو کسی نے کہا کہ شنیرا کا تعلق آسٹریلیا سے ہے اس لیے وہ اسی ٹیم کو جیتتا ہوا دیکھنا چاہیں گی۔