Time 09 نومبر ، 2021
پاکستان

پارلیمنٹ میں مشترکہ احتجاج پر اتفاق کے چندگھنٹوں بعد ہی قمر زمان کے ن لیگ پرطنزکے وار

پیپلزپارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن ووٹ کو عزت دو کے نعرے کے ساتھ مخلص ہے تو بیک ڈور  رابطے ختم کرے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ بیک ڈور  رابطوں کا دھوکا مزید نہیں چلےگا، نواز شریف اپنی جماعت کو تو اپنے نظریے پر لے آئیں۔

قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم ختم ہو چکی ہے،  اس میں جان پیپلزپارٹی کی وجہ سے تھی ،ن لیگ مان جاتی تو  پنجاب میں عدم اعتماد سے حکومت فارغ ہو جاتی۔

ان کا کہنا تھا کہ این اے 133میں ضمنی انتخاب سے پیپلزپارٹی کی فتح کا سفر شروع ہوگا، پی پی کےکارکنوں نے لاہور کے ایک ضمنی الیکشن میں جان ڈال دی ہے، خود کو لاہور کا بے تاج بادشاہ کہنے والے ساتھ نہیں دیتے، ن لیگ ووٹ کو عزت دو کے نعرے سے مخلص ہے نہ عمران خان نیا پاکستان بنانے میں۔

 رہنما پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ اس وقت مسائل کا حل یہی ہے کہ عمران خان سے جان چھوٹ جائے ، لاہور کے عوام ن لیگ اور پی ٹی آئی کے دھوکے میں نہیں آئیں گے۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز ہی قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے چیمبر میں اپوزیشن رہنماؤں کا مشاورتی اجلاس ہوا تھا جس میں پاکستان پیپلز پارٹی اورمسلم لیگ (ن) سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں نے حکومت کے خلاف مشترکہ احتجاج کا فیصلہ کیا تھا۔

پارلیمنٹ میں اپوزیشن جماعتوں نے آج حکومتی اقدامات روکنےکا فیصلہ کیا اور  اس کے لیے اسٹیئرنگ کمیٹی بھی تشکیل دی ہے،اسٹیئرنگ کمیٹی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں ممکنہ حکومتی قانون سازی روکنے کیلئے حکمت عملی بنائے گی۔

اپوزیشن جماعتوں نے حکومت کے خلاف نئی حکمت عملی کی تیاری بھی شروع کردی ہے،  شہباز شریف نے اپوزیشن جماعتوں کے ارکان قومی اسمبلی وسینیٹ کو عشائیے پر بلالیا ہے۔


مزید خبریں :