19 نومبر ، 2021
بھارت کے سابق کپتان ایم ایس دھونی کا مداح ان سے ملنے کی خواہش لیے میلوں کا سفر پیدل طے کرکے پہنچ گیا۔
کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق بھارتی ریاست ہریانہ سے تعلق رکھنے والا نوجوان اجے گل اپنے ہیرو سے ملنے کے لیے رانچی پہنچا جس کے لیے اس نے پیدل 1436 کلو میٹر (892 میل) کا سفر طے کیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ یہ پہلی بار نہیں کہ دھونی کا یہ مداح ان سے ملنے کے لیے آیا بلکہ اس سے قبل بھی تین ماہ پہلے نوجوان دھونی سے ملنے کے لیے پیدل چل کر آیا تھا جس میں اس نے 16 دن سفر کیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق اجے گل نے اس بار بھی دھونی سے ملنے کے لیے میلوں کا سفر پیدل طے کیا جس میں اسے 18 دن لگے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ سابق بھارتی کپتان دھونی نے نوجوان کی ملاقات کی خواہش کو نہ صرف پورا کیا بلکہ اسے اپنے فارم ہاؤس کا دورہ کرایا اور آٹو گراف بھی دیا جب کہ نوجوان کی فارم ہاؤس میں رہائش کے انتظامات بھی دھونی کی جانب سے کیے گئے۔
رپورٹ کے مطابق ایم ایس دھونی نے اپنے مداح کی محفوظ گھر واپسی کے لیے جہاز کی ٹکٹ کا بھی بندوبست کیا۔
ایم ایس دھونی اور نوجوان اجے گل کی اس دوران لی گئی ایک سیلفی بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔