20 نومبر ، 2021
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے بنگلادیش کیخلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں صرف ایک رن بنانے کے باوجود اہم اعزاز اپنے نام کرلیا۔
بابر اعظم پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل رنز بنانے والے پلیئر بن گئے۔
بنگلہ دیش کیخلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ایک رن بناکر بابر اعظم نے محمد حفیظ کو پیچھے چھوڑ دیا۔
بابر اعظم نے 64 اننگز میں 2515 رنز بنائے ہیں جبکہ محمد حفیظ نے 108 اننگز میں 2514 رنز بنا رکھے ہیں۔
2016 میں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کیریئر شروع کرنے والے بابر اعظم اس سال اپنی بھرپور فارم میں ہیں، سال 2021 میں بابر اعظم نے 22 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اننگز میں مجموعی طور پر 834 رنز بنائے ہیں، سال 2018 میں انہوں نے 563 رنز اسکور کیے تھے۔
اسٹائلش بیٹر نے 13 مختلف ٹیموں کیخلاف پاکستان کی نمائندگی کی اور ان میں سے 12 کیخلاف کم از کم ایک نصف سنچری ضرور اسکور کی۔ بابر نے ویسٹ انڈیز کیخلاف 454، جنوبی افریقا کیخلاف 410 اور آسٹریلیا کیخلاف 317 رنز اسکور کیے ہیں۔
بابر اعظم اس سے قبل بھی متعدد قومی اور بین الاقوامی ریکارڈز اپنے نام کرچکے ہیں جس کی وجہ سے ان کا شمار دورِ حاضر کے بہترین بیٹرز میں ہونے لگا ہے۔
خیال رہے کہ دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے بنگلادیش کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچز کی سیریز میں 0-2 کی ناقابل شکست برتری حاصل کرلی ہے۔