28 فروری ، 2022
ملتان سلطانز کے سابق مالک علی ترین نے پاکستان سُپر لیگ 7 میں لاہور قلندرز کے کھلاڑی اور جنوبی افریقی کرکٹر ڈیوڈ ویسا کے نام سے منسوب انڈر پاس کی سوشل میڈیا پر گردش کرتی ایک تصویر پر اپنے رد عمل کا اظہار کیا ہے۔
ڈیوڈ ویسا نے پی ایس ایل کے سیمی فائنل اور فائنل میں ٹیم کی جیت کے لیے کلیدی کردار ادا کیا، انہوں نے دونوں اہم ترین میچوں میں محض 8 گیندوں پر دھواں دھار 28 رنز اسکور کیے جب کہ سیمی فائنل میں اسلام آباد کے خلاف شاندار بولنگ بھی کی۔
اس حوالے سے ناصرف ویسا نے لاہور کے شائقین کے دل جیتے بلکہ مخالف ٹیم کے سابق اونر بھی ان کی تعریف کرنے پر مجبور ہوگئے۔
علی ترین نے کئی روز سے ترمیم شدہ وائرل تصویر شیئر کی جس میں ’ڈیوڈ ویسا‘ کے نام سے منسوب انڈر پاس ہے، انہوں نے کہا کہ اب یہ ممکن ہوجانا چاہیے۔
تاہم یہاں یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ میچ سے قبل بھی علی ترین نے پیشگوئی کی تھی کہ آج رات کرکٹ میں ڈیوڈ ویسا کی رات ہوگی اور ان کی یہ پیشگوئی بالکل درست ثابت ہوئی۔
یاد رہے کہ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے فائنل میں لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو 42 رنز سے شکست دے کر پی ایس ایل کے چیمپئن کا تاج اپنے سر پر سجالیا۔