' آسٹریلوی صحافی ہوں اسکا یہ مطلب نہیں کہ آسٹریلیا کو سپورٹ کروں'

اُنہیں یقین ہے کہ لاہور ٹیسٹ بھی اسی طرح سنسنی خیز ثابت ہونے والا ہے: میلنڈا__فوٹو فائل
اُنہیں یقین ہے کہ لاہور ٹیسٹ بھی اسی طرح سنسنی خیز ثابت ہونے والا ہے: میلنڈا__فوٹو فائل

آسٹریلوی صحافی میلنڈا فیرل بھی ان چند مشہور شخصیات میں سے ایک ہیں جو پاکستانی کپتان بابر اعظم کی مداح ہیں اور اپنے پسندیدہ کرکٹر کی تعریف کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتیں۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں بابر کی شاندار کارکردگی کے بعد میلنڈا نے جیو نیوز سے گفتگو کی اور اس ٹیسٹ پر اپنی رائے کا اظہار کیا۔

جیو نیوز کو دیے گئے انٹرویو کے دوران میلنڈا فیرل نے کہا کہ 'میں ایک آسٹریلوی صحافی ہوں لیکن اس کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ میں آسٹریلیا کی حمایت کروں گی، اصل میں میں اچھی کرکٹ کو سپورٹ کرنے کی قائل ہوں'۔

انہوں نے کہا کہ 'خوش قسمتی سے مجھے کراچی میں بہترین کھیل دیکھنے کو ملا'۔

میلنڈا فیرل نے بابر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 'مجھے بابر کو دیکھنے میں بہت مزہ آیا، خاص طور پر ان کے ہوم گراؤنڈ پر، میں عبداللہ شفیق سے بھی کافی متاثر ہوئی جس طرح اس نوجوان کھلاڑی نے دباؤ برداشت کیا۔'

دوران انٹرویو میلنڈا نے کہا کہ 'مجموعی طور پر ان دونوں بیٹرز  نے غیر معمولی تبدیلی کے ساتھ اچھا کھیل کھیلا اور آہستہ آہستہ آسٹریلیا کے ہاتھوں سے میچ چھینا۔'

آسٹریلیا کی کارکردگی سے متعلق سوال پر میلنڈا فیرل نے کہا کہ 'ٹیم نے کئی چانسز گنوائے جہاں میچ ان کے ہاتھ میں آسکتا تھا لیکن دباؤ والی صورتحال میں ایسا ہونا عام بات ہے، انہوں نے میچ کے سنگین مراحل میں کیچز بھی ڈراپ کیے لیکن خیر کرکٹ میں ایسا ہوتا ہے '۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ’ اُنہیں یقین ہے کہ لاہور ٹیسٹ بھی اسی طرح سنسنی خیز ثابت ہونے والا ہے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ’آسٹریلیا اور پاکستان دونوں نے معیاری کرکٹ کھیلی اور یہ یقینی بناتا ہے کہ لاہور ٹیسٹ بھی مسابقتی ہی ہونے جا رہا ہے اور وہ آخری ٹیسٹ کی منتظر ہیں، اور امید کرتی ہیں کہ وہاں میچ کا نتیجہ دیکھنے کو ملے گا‘۔

آخر میں میلنڈا فیرل نےکراچی والوں کی شاندار مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا اور جلد ہی اس شہر میں دوبارہ آنے کی خواہش ظاہر کی۔ 

مزید خبریں :