17 مارچ ، 2022
ڈی آئی جی سکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن ڈاکٹر مقصود احمد میمن یوم پاکستان کے موقع پر 23 مارچ کی پریڈ میں سندھ پولیس کے دستے کی خصوصی شرکت کے انتظامات کی وجہ سے اسلام آباد میں ہیں۔
پولیس ذرائع نے مقصود میمن کے کسی اور مقصد کی وجہ سے یا سندھ ہاؤس کے سیاسی حوالے سے اسلام آباد میں موجودگی کی تردید کی ہے۔
ترجمان ایس ایس یو نے ڈی آئی جی مقصود میمن کی جمعرات کو مصروفیات اور پریڈ گراؤنڈ اسلام آباد کے دورہ کی تفصیلات جاری کردیں۔
ترجمان کے مطابق ڈی آئی جی مقصود میمن نے پریڈ گراؤنڈ اسلام آباد کا دورہ کیا اور پریڈ انتظامات کا جائزہ لیا۔
ترجمان کے مطابق سندھ پولیس کے 371 اہلکاروں کا خصوصی دستہ یوم پاکستان کی پریڈ میں شریک ہوگا۔ پریڈ 2022 میں اسپیشل سکیورٹی یونٹ کے 182 کمانڈوز شریک ہونگے۔ کراچی کی ضلعی پولیس کی نفری، ٹریفک پولیس کے 131 اہلکار پریڈ 2022 کا حصہ ہیں۔
ترجمان کے مطابق کراچی پولیس کی ریپڈ رسپانس فورس آر آر ایف کے 58 اہلکار پریڈ میں شریک ہوں گے۔ ترجمان کے مطابق یوم پاکستان پریڈ 2022 کی ریہرسل میں سندھ پولیس نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔
اس موقع پر گفتگو میں ڈی آئی جی سکیورٹی مقصود میمن نے کہا کہ جوائنٹ سروسز پاکستان ڈے پریڈ یوم قرارداد کی یاد میں منعقد کی جانے والی سالانہ پریڈ ہے اس دن عسکری طاقت کا مظاہرہ کرکے ملک دشمنوں کو یہ پیغام دیا جاتا ہے کہ مسلح افواج کے جوان ہر قیمت پر ملک کے دفاع کیلئے تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ پولیس کے دستے کا مورال بلند ہے اور وہ 23 مارچ 2022 کو دیگر مسلح افواج کے ساتھ مل کرپریڈمیں اپنی مہارت کا مظاہرہ کرنے کیلئے تیار ہیں۔