پاکستان

تحریک عدم اعتماد : وزیراعظم کی اسپیکرکو 21 مارچ کو اسمبلی اجلاس بلانےکی ہدایت

وزیراعظم عمران خان نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصرکو 21 مارچ کو اسمبلی اجلاس بلانےکی ہدایت کردی۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں اسپیکر قومی اسمبلی نے وزیراعظم  عمران خان سے ملاقات کی جس میں وزیراعظم نے اسمبلی اجلاس  21 مارچ کو بلانےکی ہدایت کردی۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ 21 مارچ کو قومی اسمبلی اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں طلب کیا جائے گا، اس حوالے سے پارلیمنٹ ہاؤس کی تزئین و آرائش کا کام مکمل کرلیا گیا ہے۔

ذرائع اسمبلی سیکرٹریٹ کا کہنا ہےکہ اسمبلی ہال 21 مارچ کے اجلاس کے لیے تیار ہے۔

ذرائع کے مطابق 21 مارچ کےاجلاس میں ہنگو سے پی ٹی آئی کے مرحوم ایم این اے خیال زمان کے لیے فاتحہ خوانی ہوگی، 21 مارچ کو قومی اسمبلی کا اجلاس 25 مارچ تک ملتوی کردیا جائےگا،  23 ،22 اور 24 مارچ کی اسلام آباد میں عام تعطیل ہوگی۔

ذرائع نے بتایا ہےکہ  25 مارچ کےقومی اسمبلی کے اجلاس میں وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش ہوگی،  تحریک عدم اعتماد پر 25 ،26 اور 27 مارچ کو بحث کی جائےگی اور 28 مارچ کو اجلاس میں تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کرائی جائےگی۔

خیال رہےکہ 8 مارچ کو  اپوزیشن نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرائی تھی جب کہ اس کے ساتھ ہی آئین کے آرٹیکل 54 تھری کے تحت قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کی ریکوزیشن بھی  جمع کرائی تھی۔

اپوزیشن کی جانب سے  قومی اسمبلی کا اجلاس بلانےکی ریکوزیشن کے بعد آئین کے تحت اسپیکر 14 روز میں اجلاس بلانے کے پابند ہیں۔

رولز کے مطابق اسمبلی میں قرارداد پیش ہونےکے بعد تحریک عدم اعتماد  پر ووٹنگ 3 دن سے قبل اور 7 دن کے بعد نہیں ہو سکتی۔


مزید خبریں :