پاکستان

جہانگیر ترین کہاں ہیں اور کیا کر رہے ہیں؟ تفصیلات سامنے آگئیں

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما جہانگیر ترین اس وقت کہاں ہیں اور کیا کر رہے ہیں، اس کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔

علاج کی غرض سے برطانیہ جانے والے پاکستان تحریک انصاف کے سابق سیکرٹری جنرل جہانگیر خان ترین وطن واپسی کی تیاری کر رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق لندن سے ڈھائی گھنٹے کی مسافت پر نیو بیری میں جہانگیر ترین کا گھر ہے جہاں وہ ایک ہفتے سے قیام پزیر ہیں۔

جہانگیر ترین کو برطانیہ آئے ہوئے تقریباً 3 ہفتے ہوچکے ہیں، وہ یہاں اپنا علاج کروارہے ہیں اور اس دوران انہوں نے آج تک کسی میڈیا سے بھی بات نہیں کی جبکہ انہوں نے نیوبیری میں اپنے گھر سے ہی اپنے گروپ کو لیڈ کیا۔

ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین کے پاکستان میں اپنے ہم خیال ممبران سے ٹیلیفون پر رابطے ہیں اور ان سے بات چیت بھی ہوتی ہے جبکہ ڈاکٹروں کی تجویز ہے کہ وہ اپنی صحت پر توجہ دیں اور یہی وجہ ہے کہ وہ لوگوں سے نہیں مل رہے۔

برطانیہ جانے  والے جہانگیر ترین لندن کے اسپتال میں 8 دن تک زیر علاج رہے، جس کے بعد انہیں ڈسچارج کردیا گیا اور تب سے وہ گھر پر ہیں۔

ذرائع کے مطابق انہیں کووڈ ہوا تھا، شوکت خانم اسپتال میں جو مسائل پیدا ہوئے تھے، اس کی وجہ کووڈ کے آفٹر افیکٹس تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اب جہانگیر ترین کی طبعیت بہت بہتر ہوچکی ہے وہ واپس پاکستان جانے کی تیاری کر رہے ہیں تاہم اس کا فیصلہ ڈاکٹر کی مشاورت کے بعد ہوگا۔

واضح رہےکہ  تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین گزشتہ ماہ میڈیکل چیک اپ کے لیے لندن روانہ ہوئے تھے۔

مزید خبریں :