پاکستان

کراچی: شانتی نگر میں جھونپڑیوں میں آتشزدگی سے جاں بحق بچوں کی تعداد 5 ہوگئی

کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں شانتی نگر کے قریب کچی آبادی کی جھونپڑیوں میں آتشزدگی سے جھلسنے والی کمسن بچی بھی اسپتال میں چل بسی جس کے بعد اس افسوسناک واقعے میں جاں بحق بچوں کی تعداد 5 ہوگئی ہے جن میں چار بہن بھائی بھی شامل ہیں۔

پولیس کے مطابق جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کی عمریں 4 سے 12 سال کے درمیان ہیں، مرنے والوں میں دو بھائی اور دو بہنیں شامل ہیں جن کی شناخت 12 سالہ صائمہ، 11 سالہ فرحان، 9 سالہ کامران اور 8 سالہ طیبہ کے ناموں سے ہوئی ہے جبکہ 4 سالہ زیبا زخمی ہوئی تھی جو بعد ازاں دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔

حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاندانوں کا تعلق رحیم یار خان سے ہے جن کی میتیں ان کے آبائی علاقے روانہ کی جائیں گی۔

ریسکیو حکام کے مطابق آگ لگنے سے 5 جھونپڑیاں مکمل طور پر جل گئیں اور  آگ کے وقت بچے جھونپڑیوں میں تھے جبکہ ان کے والدین کام پر گئے ہوئے تھے۔

فائر بریگیڈ کے 2 ٹینڈرز نے آگ پر قابو پایا، پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ آگ لگنے کا واقعہ شارٹ سرکٹ کے باعث پیش آیا۔

مزید خبریں :