19 مارچ ، 2022
ٹی وی پروگرام میں گالم گلوچ اور ہتک آمیز زبان استعمال کرنے کے خلاف پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ناراض رکن قومی اسمبلی رمیش کمار نے وزیراعظم کے معاون خصوصی شہبازگل کےخلاف وفاقی تحقیقاتی ایجنسی(ایف آئی اے)کو درخواست دے دی۔
رمیش کمار نے شہبازگل کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت کارروائی کی استدعا کی ہے۔
رمیش کمار کا کہنا ہےکہ شہباز گل نے ٹی وی پروگرام میں گالم گلوچ کی اور ہتک آمیز الفاظ استعمال کیے، میرافون نمبر پی ٹی آئی کارکنوں کو دیا گیا، کارکن کالز کرکے دھمکیاں دے رہے ہیں۔
رمیش کمار کے مطابق کچھ پی ٹی آئی کارکنان پارلیمنٹ لاجزبھی گئے اور ریسپشن سے فون کرکے میری اہلیہ کو دھمکیاں دیں، شہبازگل کے اس اقدام سے میری اور میرے خاندان کی زندگی کو خطرات لاحق ہیں، مجھے اپنے خاندان کو سندھ ہاؤس منتقل کرنا پڑا۔
ان کا موقف ہے کہ سندھ ہاؤس پربھی پی ٹی آئی کارکنان حملہ کرچکےہیں، شہباز گل کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے۔