21 مارچ ، 2022
کراچی میں تعینات جاپانی قونصل جنرل کے عہدے سے گزشتہ روز سبکدوش ہونے والے سفارتکار توشیکازو ایسومورا کو کراچی پریس کلب نے اعزازی رکنیت سے نواز دیا۔
اس حووالے سے ایک مختصر تقریب کراچی پریس کلب کے کمیٹی روم میں ہوئی جس میں صدر فاضل جمیلی اور سیکرٹری رضوان بھٹی نے توشیکازو ایسومورا کو کراچی پریس کلب کی اعزازی رکنیت کا خط پیش کیا، انہیں اعزازی ممبر شپ کا جاری کردہ کارڈ دیا گیا اور سندھی اجرک پیش کی گئی۔
صدر کراچی پریس کلب فاضل جمیلی کے مطابق توشیکازو ایسومورا نے پاکستان میں تعیناتی کے دوران یہاں کی مادری زبان اردو کیلئے بہت کام کیا اورپاکستان بلکہ خاص طور پر کراچی کے مسائل کے حل میں گہری دلچسپی لی۔
انہوں نے بتایا کہ جاپانی سفارتکار نے نارتھ کراچی میں ناگن فلائی اوور کے قریب جاپان حکومت کی جانب سے بچوں کیلئے 100 بیڈ کا جدید ترین اسپتال قائم کرانے میں اہم کردار ادا کیا اور سندھ کے مختلف شہروں میں اسکولوں کیلئے 53 عمارتیں تعمیر کروائیں جبکہ حیدر آباد، شکارپور اور سکھر کیلئے بھی کئی منصوبے تیار کرائے۔
توشیکازو ایسومورا نے حال ہی میں کراچی پریس کلب کے کارڈ روم کی تزئین و آرائش اور مکمل ائیرکنڈیشن کرانے میں خاص دلچسپی لی۔
توشیکازو ایسومورا نے کراچی پریس کلب کی اعزازی رکنیت ملنے پر انتہائی مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ اس رکنیت سے بہت کم استفادہ کر سکیں گے مگر اعزازی رکنیت کی شکل میں کراچی پریس کلب اور صحافیوں کی محبت انہیں ہمیشہ یاد رہے گی۔