06 نومبر ، 2012
کراچی. . . .کراچی کے علاقے کریم آباد سے تین افراد کی بوری بند لاش ملی ہے جبکہ پہلوان گوٹھ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائی میں رینجرز نے ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کیا ہے۔پولیس کے مطابق کریم آباد پل کے نیچے سے تین افراد کی ہاتھ پاوٴں بندھی بوری بند لاشیں ملی ہیں جنہیں اغوا کرنے کے بعد تشدد کا نشانہ بناکر قتل کیا گیا ہے۔ضابطے کی کارروائی کے لیے مقتولین کی لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔ ملنے والی لاشوں کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔ گلستان جوہر کے علاقے پہلوان گوٹھ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مشتبہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر علاقے کو گھیرے میں لیکر کارروائی کی۔اس دوران نامعلوم مسلح افراد اور رینجرز اہلکاروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں ایک رینجر اہلکار اور ایک مسلح شخص زخمی ہوگیا۔رینجرز نے ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کیا ہے۔کارروائی کے دوران رینجرز اہلکاروں نے ایک شخص کی لاش بھی اسپتال منتقل کی ہے جس کی شناخت کے حوالے سے کوئی بیان نہیں دیا گیا ہے۔ دوسری جانب ترجمان اہلسنت والجماعت کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں نے اشرف المدارس پر چھاپہ مارا ہے جس کی شدید الفاظ میں مزمت کرتے ہیں۔