Time 29 مارچ ، 2022
پاکستان

بی اے پی کا وزیراعظم کو دھمکی کے معاملے پر پارلیمنٹ کو اعتماد میں لینےکا مطالبہ

بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کے  پارلیمانی لیڈر خالد مگسی نے  وزیراعظم عمران خان کو  دھمکی کے معاملے  پر  پارلیمنٹ کو اعتماد میں لینےکا مطالبہ کردیا۔

جیو نیوز سےگفتگو میں خالد مگسی نے بتایا کہ انہوں نے وفاقی وزیر اسد عمر سے رابطہ کر کےکہا ہےکہ  وزیراعظم کو مراسلے پرپارلیمنٹ میں بحث کرائی جائے اور  دھمکی کے معاملے پر ہمیں آف دی ریکارڈ اعتماد میں لیا جائے۔

خالد مگسی کے مطابق اسد عمرکا کہنا تھا کہ وہ اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان سے بات کریں گے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اتوار کو  وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں جلسہ عام سے خطاب میں کہا تھا کہ ملک میں باہر سے پیسے کی مدد سے حکومت تبدیل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، ہمیں لکھ کر دھمکی دی گئی، میرے پاس خط ہے اور وہ ثبوت ہے؟

اس حوالے سے آج اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسد عمر کا کہنا تھا کہ یہ مراسلہ تحریک عدم اعتماد آنے سے پہلےکا ہے، اگر ضرورت ہے تو وزیراعظم یہ دھمکی آمیز  مراسلہ چیف جسٹس پاکستان کو دکھانےکے لیے تیار ہیں، ابھی یہ مراسلہ سول ملٹری قیادت تک محدود ہے اور کابینہ میں بھی ہر کسی کو اس خط کا علم نہیں۔


مزید خبریں :