29 مارچ ، 2022
اسپیکر کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہےکہ قومی اسمبلی کا اجلاس آئندہ آنے والے ہفتے اور اتوار کو بھی جاری رکھا جائےگا۔
ذرائع کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصرکی زیرصدارت مشاورتی اجلاس ہوا جس میں قومی اسمبلی کا اجلاس ہفتے اور اتوار کو جاری رکھنےکا فیصلہ کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ تحریک عدم اعتماد پر اجلاس 3 اپریل تک جاری رکھا جائےگا۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز قومی اسمبلی کا اہم اجلاس ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کی صدارت میں ہوا تھا جس میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے وزیراعظم عمران خان کو وزارت عظمیٰ سے ہٹانے کے لیے تحریک عدم اعتماد پیش کی تھی۔
شہباز شریف کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد پیش کیے جانے کے بعد ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے اجلاس 31 مارچ بروز جمعرات تک ملتوی کردیا تھا اورکہا تھا کہ تحریک عدم اعتماد پر بحث 31 مارچ کو ہوگی۔ 31 مارچ کو قومی اسمبلی کا اجلاس شام 4 بجے طلب کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ قواعد کے مطابق تحریک عدم اعتماد پر تین دن سے پہلے ووٹنگ نہیں ہوسکتی، اس پر تین دن کے بعد اور 7 دن کے اندر ووٹنگ کرانا لازمی ہے۔