04 اپریل ، 2022
پاکستانی نژاد امریکی گلوکارہ عروج آفتاب نے دنیائے موسیقی کے اعلیٰ ترین گریمی ایوارڈز میں اپنے گانے ’محبت‘ کے لیے بہترین گلوبل میوزک پرفارمنس کا ایوارڈ جیت لیا۔
گریمی ایوارڈز کی بیسٹ گلوبل پرفارمنس کیٹگری میں عروج کا گیت ’محبت‘ چنا گیا۔
عروج آفتاب نے انسٹاگرام پر جاری پوسٹ میں لکھا کہ ’اور پہلی پاکستانی خاتون گریمی فاتح ہیں… عروج آفتاب!‘
عروج کی اس کامیابی پر معروف شخصیات سمیت مداح گلوکارہ کو بڑی تعداد میں مبارکباد دے رہے ہیں۔
عروج آفتاب کی غزل کو سابق امریکی صدر بارک اوباما نے بھی اپنی پسندیدہ گانوں میں شمار کیا تھا۔
اس موقع پر گلوکارہ عروج آفتاب نے کہا کہ گریمی ایوارڈجیتنے کا سن کرخوشی کاٹھکانہ نہیں۔
خیال رہے کہ عروج آفتاب کو دنیائے موسیقی کے اعلیٰ ترین گریمی ایوارڈ کیلئے نامزد کیا گیا تھا، یہ پہلا موقع تھا کہ جب کسی پاکستانی نژاد گلوکارہ کو 2 کیٹیگریز میں نامزد کیا گیا، اس ایوارڈ میں معروف گلوکارہ لیڈی گاگا اور ٹیلر سوئفٹ زیادہ نامزدگیاں حاصل نہیں کر سکی تھیں۔
37 برس کی عروج آفتاب کا تعلق نیویارک کے علاقے بروکلین سے ہے، عروج اپنے گیتوں میں کلاسیکی موسیقی کو لوک اور جیز سے ہم آہنگ کرتی ہیں، عروج آفتاب کے والدین کا تعلق پاکستان سے ہے جب کہ وہ خود سعودی عرب میں پیدا ہوئی تھیں۔