Time 07 اپریل ، 2022
پاکستان

علامتی اجلاس میں شرکت سے قبل مریم نواز اور لیگی ایم پی ایز کی نواز شریف سے ویڈیو کال

گزشتہ روز پنجاب اسمبلی کے علامتی اجلاس میں شرکت کے لیے مسلم لیگ (ن) کی مرکزی نائب صدر مریم نواز  ارکان اسمبلی کے ہمراہ بس میں سوار ہوئی تھیں اور اس دوران مریم نواز نے لیگی ایم پی ایز کی مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف سے ویڈیو کال پر گفتگو بھی کروائی تھی۔

مریم نواز کی بس میں سفر کے دوران والد نواز شریف سے ویڈیو کال پر کی گئی گفتگو وائرل ہو رہی ہے، وائرل ویڈیو میں مریم نواز اور حمزہ شہباز کو نواز شریف سے گفتگو کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

مریم نواز  ویڈیو کال پر والد کو علامتی اجلاس میں شرکت سے متعلق بتا رہی ہیں۔

 اس دوران مریم نواز نے موبائل اٹھا کر ایم پی ایز کی جانب کرتے ہوئے انھیں بتایا کہ سارے ایم پی ایز  بھی ساتھ ہیں جس پر ایم پی ایز بھی اٹھ کھڑے ہوئے اور ہاتھ ہلا کر نواز شریف سے ان کا احوال پوچھا۔

ویڈیو کال کے دوران حمزہ شہباز کو نواز شریف کی صحت سے متعلق پوچھتے بھی سنا جا سکتا ہے۔

خیال رہے کہ  گزشتہ روز پنجاب اسمبلی کے علامتی اجلاس میں 199 ارکان نے حمزہ شہباز کو وزیراعلیٰ منتخب کرنے کی قرارداد منظور کی تھی۔

مزید خبریں :