03 جون ، 2022
کراچی: اسسٹنٹ کمشنر فیروز آباد نے سپر اسٹور میں لگنے والی آگ کی وجہ بتادی۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر فیروز آباد عاصمہ بتول نے کہا کہ آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی اور آگ کی پہلی اطلاع 10 بج کر 40 منٹ پر ملی۔
انہوں نے بتایا کہ کوکنگ آئل مہنگا ہونے پر بیسمنٹ میں ذخیرہ کیا گیا تھا اس لیے آگ کوکنگ آئل کی وجہ سے زیادہ پھیلی ہے، آگ اب بھی مختلف حصوں میں لگی ہوئی ہےتاہم شدت کم ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر نے مزید بتایا کہ عمارت کے پارکنگ ایریا تک آگ پہنچ گئی ہے جہاں گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں موجود ہیں جب کہ عمارت میں موجود تین موٹرسائیکلیں جل چکی ہیں، کوشش کر رہے ہیں گاڑیاں باہر نکال لی جائیں۔
عاصمہ بتول کا کہنا تھا کہ عمارت کا درجہ حرارت تقریباً 500 سے کم ہوکر 150 تک ہوا ہے، ایسے میں رہائشی یا کسی بھی شخص کو اندر جانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔