04 جون ، 2022
پاکستانی اداکارہ امر خان نے بالی وڈ فلموں کے معروف وِلن اشیش ودیارتھی سے ملاقات کی ویڈیو شیئر کردی۔
امر خان ان دنوں نیویارک میں موجود ہیں جہاں سے انہوں نے انسٹاگرام اسٹوری پر اشیش ودیارتھی کے ہمراہ ایک ویڈیو شیئر کی۔
ویڈیو میں امر خان اپنے مداحوں کو بتارہی ہیں کہ 'یہ بھارتی اداکار، جنہیں میں بچپن سے فلموں میں دیکھ رہی ہوں، آج مجھے نیویارک میں ملے ہیں'۔
امر خان نے اشیش ودیارتھی سے کہا کہ 'مجھے آپ کے تمام کرداروں کے نام یاد ہیں، آپ ناصرف فلموں کے بہترین اداکار ہیں بلکہ آپ زبردست تھیٹر اداکار بھی ہیں'۔
ویڈیو کے اختتام پر امر خان نے بالی وڈ اداکار کو یہ بھی بتایا کہ وہ بھی ایک اداکارہ ہیں جس پر اشیش ودیارتھی نے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ اشیش ودیارتھی نے بالی وڈ کی کئی فلموں میں وِلن کا کردار ادا کیا جس میں بچھو، کہو نا پیار ہے، جیت، ضدی اور بادل وغیرہ شامل ہیں۔