17 جون ، 2022
کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں ایک پولیس مقابلے میں زخمی ہو کر گرے ہوئے ملزم پر پولیس اہلکار کی جانب سے گولی چلانے کی ویڈیو سامنے آئی ہے۔
پولیس کے مطابق مبینہ مقابلے میں 2 ملزمان ہلاک ہوئے جن کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا۔
سینیئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) ویسٹ فرخ رضا کے مطابق اقبال مارکیٹ تھانے کی حدود میں چاندنی چوک کے قریب مین روڈ پر دو ملزمان نے کار سرکار میں مداخلت کی اور فرض کی ادائیگی کے دوران تھانہ اقبال مارکیٹ پولیس پر حملہ کیا۔
ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق پولیس کی جوابی کارروائی کے دوران دو ملزمان ہلاک ہوئے جن کے قبضے سے دو پستول، اسلحہ کے زور پر چھینے گئے موبائل فونز اور موٹرسائیکل برآمد ہوئی۔
ایس ایس پی فرخ رضا کے مطابق بائیو میٹرک کے ذریعے ہلاک ملزمان کی شناخت کی جارہی ہے۔
اس واقعے کے بعد پولیس کی جانب سے ضابطے کی کارروائی عمل میں لائی جاری تھی کہ موبائل فون سے بنائی گئی ویڈیو سامنے آگئی۔
اس ویڈیو میں زمین پر زخمی حالت میں گرے ہوئے ایک ملزم کو دیکھا جا سکتا ہے جو اٹھنے اور بیٹھنے کی کوشش کر رہا ہے۔
مسلح پولیس اہلکار اور لوگوں کا ہجوم بھی اس زخمی کے آس پاس دیکھا جا سکتا ہے جبکہ اچانک ایک پولیس اہلکار زخمی ملزم پر گولی چلاتا ہے۔
اس کے بعد اس ملزم کے ساتھ مزید کیا کیا گیایہ صورتحال سامنے نہیں آسکی تاہم عینی شاہدین کے مطابق یہ دونوں زخمی کافی دیر تک جائے وقوع پر پڑے رہے۔
پولیس کے مطابق ملزمان کو اسپتال پہنچایا جا رہا تھا کہ دونوں راستے میں ہلاک ہوگئے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ زخمی ملزم کو موبائل کیمرے کے سامنے گولی مارنے کے واقعے اور ویڈیو کی چھان بین کی جا رہی ہے۔