Time 20 جون ، 2022
پاکستان

کرپشن کا الزام، سابق چیئرمین واپڈا نیب کے سامنے پیش ہوگئے

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

لاہور: سابق چیئرمین واٹر اینڈ پاور ڈسٹری بیوشن اتھارٹی (واپڈا) لیفٹننٹ جنرل ریٹائرڈ مزمل حسین نیب آفس پہنچ گئے۔

نیب نے سابق چیئرمین واپڈا کو تربیلا فور  پراجیکٹ میں 753 ملین روپےکی مبینہ کرپشن تحقیقات میں طلب کر رکھا  تھا،لیفٹننٹ جنرل ریٹائرڈ مزمل حسین نیب آفس میں پیشی کے بعد واپس روانہ ہوگئے، وہ 2 گھنٹے تک نیب دفتر میں موجود رہے۔

 نیب آفس کے باہر میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے سابق چیئرمین واپڈا کا کہنا تھا کہ مجھ پر لگنے والے الزامات غلط ہیں، پراجیکٹ کی لاگت 750 ملین روپے ہے تو 753 ملین کی کرپشن کیسے ہوگئی؟ 

 سابق چیئرمین واپڈا کا کہنا تھا کہ ٹھیکیداروں کو وقت سے پہلے ادائیگیاں نہیں کی گئیں، تربیلا فور توسیعی منصوبہ مدت سے پہلےمکمل ہوا، ایک سال میں لاگت بھی پوری کرلی، میں نہیں سمجھتا کہ اس کیس کے پیچھے سیاسی محرکات ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میرے خلاف شکایت آئی تھی جس پر نیب نے ویریفکیشن کرنا ضروری سمجھا، نیب نے جوپوچھا بتادیا مجھے کوئی سوالنامہ نہیں دیاگیا،میری طرف سے معاملہ کلیئر ہے، نیب جب بلائےگا دوبارہ  آجاؤں گا۔

خیال رہےکہ نیب لاہور نے سابق چیئرمین واپڈا کوپہلے6 جون کو طلب کیا تھا مگر وہ پیش نہیں ہوئے، جس کے بعد نیب نے انہیں آج طلب کیا تھا۔

سابق چیئرمین واپڈاکےخلاف تربیلافورپراجیکٹ میں 753 ملین ڈالرکی کرپشن کا الزام ہے۔


مزید خبریں :