20 جون ، 2022
لاہور ہائی کورٹ نے اسپیکرپنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی کی گورنرکے آرڈیننس کے خلاف فوری حکم امتناع جاری کرنےکی استدعا ردکردی۔
اسپیکرپنجاب اسمبلی نےگورنرکا اسمبلی سےمتعلق آرڈیننس ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ گورنر نے 14 جون کو اسمبلی سے متعلق آرڈیننس جاری کیا، گورنر نے پنجاب لاز ریپلنگ اینڈ ڈیفیکلٹی آرڈیننس جاری کیا، آرڈیننس سے سیکرٹری اسمبلی کے اختیارات محدود ہوگئے۔
درخواست میں کہا گیا کہ اجلاس نوٹیفائی یا ڈی نوٹیفائی کرنےکا اختیار سیکرٹری قانون کو دے دیا گیا، گورنرکا جاری کردہ آرڈیننس رولز آف اسمبلی سے متصادم ہے، آرڈیننس کو آئین سے متصادم قرار دے کرکالعدم قرار دیا جائے۔
عدالت عالیہ نے فوری حکم امتناع جاری کرنےکی استدعا ردکرتے ہوئے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو معاونت کے لیے طلب کرلیا، عدالت نے پنجاب حکومت سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرکے 24 جون کو جواب طلب کرلیا۔
جسٹس ساجد محمود سیٹھی کا کہنا تھا کہ ہم نے حلف لیا ہوا ہے اسی کے مطابق کیس کی سماعت کریں گے، جواب آجائے پھر فیصلہ کر دیں گے۔