دنیا
Time 23 جون ، 2022

باکسر عامر خان کو لوٹنے والے ڈاکو گرفتار

یہ واقعہ اپریل میں پیش آیا تھا / اے ایف پی فوٹو
یہ واقعہ اپریل میں پیش آیا تھا / اے ایف پی فوٹو

پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان  کو گن پوائنٹ پر لوٹنے والے 3 ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا ہے جن کو 23 جون کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

لندن پولیس کے مطابق اپریل میں مشرقی لندن کے علاقے لیئٹن میں عامر خان کو لوٹنے کے واقعے میں 25 سالہ احمد بانا، 24 سالہ نور الامین اور 20 سالہ دانتے کیمبل پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔

پولیس نے بتایا کہ تینوں ملزمان کا تعلق شمالی لندن سے ہے اور ان پر ڈکیتی کی فرد جرم عائد کی جائے گی۔

احمد بانا اور دانتے کیمبل پر نقلی گن رکھنے کی فرد جرم بھی عائد کی جائے گی۔

35 سالہ سابق باکسر 18 اپریل کو اپنی اہلیہ کے ہمراہ لیئٹن کے علاقے میں موجود تھے جب انہیں چند افراد نے گن سے دھمکا کر 70 ہزار پاؤنڈ کی گھڑی چھین لی تھی۔

یہ گھڑی 19 قیراط روز گولڈ سے بنائی گئی تھی جس پر 719 ہیرے جڑے ہوئے تھے۔

اس موقع پر عامر خان نے ایک ٹوئٹ میں بتایا تھا کہ گن پوائنٹ پر مشرقی لندن میں ان کی گھڑی کو چھین لیا گیا۔

لندن پولیس نے بتایا کہ ڈکیتی کی یہ واردات ہماری بنیادی ترجیح تھی اور ان ملزمان کی گرفتاری سے ہمارے عزم کا اظہار ہوتا ہے۔

یہ پہلا موقع نہیں تھا جب عامر خان کو اس طرح کے واقعے کا سامنا ہوا، میڈیا رپورٹس کے مطابق 2012 میں بھی مسلح افراد نے ان سے ایک لاکھ پاؤنڈ مالیت کی گاڑی چھین لی تھی۔

مزید خبریں :