16 جولائی ، 2022
ترجمان الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ ایک اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 168 میں پکڑے جانے والے شناختی کارڈز کا نوٹس لے لیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر سے معاملے کی تفصیلی رپورٹ بھی طلب کرلی گئی ہے۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے پکڑے گئے شخص کے خلاف کی گئی قانونی کارروائی کی تفصیل بھی طلب کر لی گئی ہے۔
خیال رہے کہ لاہور کے فیکٹری ایریا سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ایک کارکن سے تقریباً 200 شناختی کارڈز برآمد ہوئے تھے جس کے بعد پولیس نےملزم کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا تھا کہ ملزم خالد سندھو پی پی 168 کی مختلف یونین کونسلز میں شناختی کارڈز کے ذریعے ووٹ خریدنے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔