پاکستان
Time 21 جولائی ، 2022

عوام کا مینڈیٹ چوری کیا گیا تو جو ہوگا میں ذمہ دار نہیں ہوں گا، عمران خان

فوٹو: اسکرین گریب / جیو نیوز
فوٹو: اسکرین گریب / جیو نیوز

لاہور: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ اگر کل پنجاب اسمبلی میں عوام کا مینڈیٹ چوری کیا گیا تو سب کو خبر دار کررہا ہوں کہ یہ ملک سری لنکا کی طرف جائےگا، پھر جو ہوگا میں ذمہ دار نہیں ہوں گا۔

لاہور کے علاقے لبرٹی چوک میں پی ٹی آئی کے مظاہرے سے ویڈیولنک خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ سکندر سلطان جیسا بددیانت الیکشن کمشنر نہیں دیکھا، ہم ساری چیزیں الیکشن کمیشن کو بتاتے رہے،سکندر سلطان نے سندھ میں بلدیاتی اور ضمنی الیکشن صرف بارش کی وجہ سے ملتوی کردیا جب کہ ڈسکہ میں پورا الیکشن دوبارہ کرایا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم اس الیکشن کمشنرکی نگرانی میں جنرل الیکشن نہیں لڑیں گے، سب سے بڑی جماعت کو جب اس پریقین نہیں تو اسے استعفیٰ دے دینا چاہیے، تحریک انصاف کا چاروں صوبوں میں ووٹ بینک ہے، ووٹنگ مشین کے ذریعے دھاندلی کے 130 طریقےختم ہوجاتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کا ضمنی الیکشن کرانے والوں کو سزا ملنی چاہیے، ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی کو ہرانےکا ہر حربہ استعمال کیا گیا، اگرکل پنجاب اسمبلی میں چوری کے پیسے سے عوام کا مینڈیٹ چوری کیا گیا تو سب کو خبر دار کر رہا ہوں کہ یہ ملک سری لنکا کی طرف جائےگا، پھر جو ہوگا میں ذمہ دار نہیں ہوں گا، لوگ میرے کنٹرول میں نہیں رہیں گے، یہ جاگی ہوئی قوم ہے، یہ نہ سمجھنا کہ یہ چپ کرکے بیٹھی رہے گی۔

انہوں نےکہا کہ اگر عوام کے مینڈیٹ کو عزت دی گئی تو پھر کل ہم اللہ کا شکر ادا کریں گے اور  جشن منائیں گے، ہماری حکومت آئی تو ہم نے ان افسران کے نام لکھے ہوئے ہیں جنہوں  نے عوام پر ظلم کیے، ہم بھولیں گے نہیں۔

مزید خبریں :