Time 22 جولائی ، 2022
پاکستان

حمزہ وزیراعلیٰ برقرار رہیں گے یا پگ پرویز الٰہی کے سر سجے گی، فیصلہ ہونے میں کچھ دیر باقی

مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز  ہی وزیراعلیٰ پنجاب برقرار رہیں گے یا پھر تحریک انصاف اور ق لیگ کے مشترکہ امیدوار چوہدری پرویز الٰہی وزارت اعلیٰ کا منصب سنبھالیں گے، فیصلہ آج ہو جائے گا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے لیے اراکین اسمبلی کی پنجاب اسمبلی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

پی ٹی آئی اور ق لیگ کے اراکین اسمبلی 4 بسوں کے ذریعے قافلے کی صورت میں نجی ہوٹل سے پنجاب اسمبلی پہنچے، وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے ق لیگ اور تحریک انصاف کے مشترکہ امیدوار چوہدری پرویز الٰہی اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار بھی پنجاب اسمبلی پہنچ چکے ہیں۔

دوسری جانب ن لیگ کے اراکین کو اسمبلی پہنچانے کے لیے 4 بسیں ہوٹل کے باہر پہنچا دی گئیں ہیں، ساڑھے تین بجے مسلم لیگ ن کے اراکین پنجاب اسمبلی کے لیے روانہ ہوں گے۔

پاکستان تحریک انصاف اور ق لیگ کی جانب سے 186 اراکین کی حمایت کا دعویٰ کیا جا رہا ہے جبکہ پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب سے بھی گزشتہ روز 180 اراکین کی حمایت کا دعویٰ کیا گیا تھا۔

پنجاب اسمبلی میں پارٹی پوزیشن

17 جولائی کو ہونے والے ضمنی الیکشن کے بعد پنجاب میں اپوزیشن کا پلڑا بھاری ہو گیا، پی ٹی آئی کے 178 اور مسلم لیگ ق کے10ارکان کو ملا کر اپوزیشن ارکان کی تعداد188ہوگئی ہے۔

ضمنی الیکشن میں4 نشستوں پر کامیابی کے بعد مسلم لیگ ن کے پنجاب میں168ارکان ہوگئے ہیں، پیپلزپارٹی7، آزاد 3 اور راہ حق پارٹی کے ایک ووٹ کےساتھ حکومتی اتحاد کے ارکان کی تعداد 179بنتی ہے۔

یاد رہے کہ سپریم کورٹ کے یکم جولائی کو اپنے حکم میں وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے دوبارہ 22 جولائی کو انتخابات کرانے کا حکم دیتے ہوئے حمزہ شہباز کو عہدے پر برقرار رکھا تھا۔

مزید خبریں :