06 اگست ، 2022
کراچی کے قریب گہرے سمندر میں شکار کے لیے گئے ماہی گیروں کی کشتی کو حادثہ پیش آیا، کشتی پر سوار تمام 8 ماہی گیر اپنی مدد آپ کے تحت الٹی ہوئی کشتی کے پیٹ پر سوار ہو کر ساحل تک پہنچ گئے۔
فشرمین کوآپریٹو سوسائٹی کراچی کے سیکورٹی انچارج ناصر بونیری کے مطابق کراچی کے 7 ماہی گیر المصطفیٰ نامی چھوٹی لانچ نمبر 17205 بی پر سوار ہوکر ناخدا راشد کے ہمراہ گزشتہ رات ماہی گیری کے لیے کراچی کے قریبی گہرے سمندر تک گئے تھے کہ طوفانی لہر کے جھٹکے میں ان کی لانچ الٹ گئی۔
ناصر بونیری نے بتایا کہ تمام ماہی گیر ڈوب رہے تھے کہ اپنی مدد آپ کے تحت الٹی ہوئی اسی کشتی کے پیٹ پر سوار ہو گئے اور سخت جدوجہد کے بعد آج صبح کلفٹن کے قریبی ساحل تک پہنچ گئے۔
لانچ المصطفیٰ کے ناخدا راشد، شیراز، مرتضیٰ، کارو، سلمان، علی اکبر، محسن اور رفیق نے ساحل پر پہنچ کر اپنے عزیز و اقارب کو بتایا جنہوں نے انہیں ہنگامی امداد فراہم کی۔
ناصر بونیری کے مطابق تمام ماہی گیر خیریت سے ہیں جبکہ معجزانہ طور پر بچ جانے والی ان کی لانچ کو جیٹی پر منتقل کیا جا رہا ہے۔