06 اگست ، 2022
مسلم لیگ ق کے نئے سربراہ کے انتخابی شیڈول پر الیکشن کمیشن کے حکم امتناع کے خلاف لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائرکردی گئی۔
درخواست مسلم لیگ ق پنجاب کے جنرل سیکرٹری کامل علی آغا نے دائر کی ہے، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کےموقع پر پارٹی سربراہ شجاعت حسین نے غیر قانونی ہدایت پر مبنی خط ڈپٹی اسپیکرکو لکھا۔
کامل علی آغا کے مطابق خط کے رد عمل میں پارٹی کارکنوں نے شجاعت حسین کےگھر کے باہر بھرپور احتجاج کیا، پارٹی کی مرکزی ورکنگ کمیٹی نے اجلاس میں شجاعت حسین کی ہدایات کو غیر جمہوری قرار دے کر انہیں عہدے سے ہٹا دیا اور پارٹی کے نئے سربراہ کے انتخاب کے لیے 10 اگست کا انتخابی شیڈول جاری کر دیا لیکن الیکشن کمیشن نے چوہدری شجاعت کی درخواست پر حکم امتناعی جاری کردیا۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہےکہ الیکشن کمیشن کا انتخابی عمل روکنےکا اقدام کالعدم قرار دیا جائے۔