04 اگست ، 2022
مسلم لیگ ق کی مرکزی مجلس عاملہ نے چوہدری شجاعت حسین کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
مسلم لیگ ق کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس چوہدری شجاعت حسین کی صدارت میں ان کی رہائش گاہ پر منعقد ہوا جس میں پنجاب کے جنرل سیکرٹری کی جانب سے چوہدری شجاعت حسین کی صحت کے حوالے سے دیے گئے بیان کی شدید مذمت کی گئی۔ غیر قانونی اجلاس کی صدارت کرنے والے کامل علی آغااور اجلاس میں شریک افراد کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
آج ہونے والے اجلاس میں سیکرٹری جنرل طارق بشیر چیمہ سمیت پارٹی کے اراکین مجلس عاملہ، صوبائی صدور، مرکزی عہدے داروں نے شرکت کی۔
اجلاس میں متفقہ قرار دادوں کے ذریعے چوہدری شجاعت حسین کی قیادت پر مکمل اعتمادکا اظہار کرتے ہوئے ان کی صحت کے حوالے سے نازیبا کلمات اور اعلامیہ کی شدید مذمت کی گئی۔
مسلم لیگ سندھ کے صدر، بلوچستان، کے پی اور گلگت کے عہدیدران نے لاہور کے اجلاس سے لاتعلقی کا اعلا ن کردیا اور فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب کی تنظیم کے غیر قانونی اقدام کو چیلنج کرنے کیلئے قانونی ٹیم سے مشاورت کی جائے گی۔
اجلاس میں ایک قرارداد میں کہا گیا کہ پنجاب کی تنظیم 10 اگست کو اجلاس بلانے کی مجاز نہیں، غیرقانونی اجلاس میں شرکت کرنے والوں کی پارٹی رکنیت معطل کر دی جائے گی۔
خیال رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے معاملے پر ق لیگ میں پھوٹ پڑ گئی ہے اور پرویز الہیٰ نے چوہدری شجاعت کی مخالفت کے باوجود تحریک انصاف کی حمایت کی۔