پاکستان

کراچی: ہندو لڑکے کی درخت سے پھندا لگی لاش کا معاملہ نیا رخ اختیار کر گیا

ابتدائی طور پر شبہ ہے کہ اس نوجوان نے مبینہ طور پر درخت پر چڑھ کر پھندا لگا کر خود کشی کی: پولیس۔ فوٹو جیو نیوز
ابتدائی طور پر شبہ ہے کہ اس نوجوان نے مبینہ طور پر درخت پر چڑھ کر پھندا لگا کر خود کشی کی: پولیس۔ فوٹو جیو نیوز

کراچی میں صفورا چوک کے قریب سے ایک ہندو نوجوان کی گلے میں پھندا لگی لاش درخت سے لٹکی ہوئی ملی ہے۔ 

سچل پولیس کے مطابق اسکیم 33 کے قریب سے ملنے والی لاش کی شناخت 22 سالہ رمیش ولد بوٹو کے نام سے ہوئی ہے، لاش کئی روز پرانی ہے جو آج صبح کسی شہری نے گھنے سے درخت سے لٹکتی ہوئی دیکھی اور پولیس کو اطلاع دی۔ 

پولیس کو ابتدائی طور پر شبہ ہے کہ اس نوجوان نے مبینہ طور  پر  درخت پر چڑھ کر پھندا لگا کر خود کشی کی ہے۔

دوسری جانب اہلخانہ کا مؤقف ہے کہ رمیش کمار سعدی ٹاؤن میں پنکچر کی دکان پر کام کرتا تھا، وہ 5 اگست کی شام 6 بجے گھر سے گیا اور واپس نہیں آیا، رمیش کمار کی گمشدگی کی تحریری اطلاع سچل تھانے کو دی گئی تھی، درخواست کے ساتھ رمیش کمار کی تصویر بھی دی گئی تھی۔

اہلخانہ نے بتایا کہ 6 اگست کو نامعلوم شخص نے فون کر کے رمیش کی اپنے پاس موجودگی کی اطلاع دی، فون کرنے والے نے کہا کہ رمیش میرے پاس ہے، پریشان نہیں کرو، نامعلوم شخص نے اطلاع دے کر کال منقطع کرکے فون بند کر دیا۔

ایدھی فاؤنڈیشن کے ترجمان کے مطابق لڑکے کی لاش ضابطے کی کارروائی کے بعد جناح اسپتال پہنچا دی گئی ہے۔

مزید خبریں :