18 اگست ، 2022
سندھ پولیس کے شعبہ انسداد دہشت گردی کے عملے نے پاک کالونی میں کارروائی کرتے ہوئے ماضی کی دہشت گردی میں ملوث کالعدم تنظیم کے کارکن کو گرفتار کرلیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں کے ملزم فہیم عرف 15 کی گرفتاری سی ٹی ڈی انویسٹی گیشن گارڈن کے عملے کے ہاتھوں پاک کالونی کے علاقے بڑا بورڈ سے اسلحہ سمیت عمل میں آئی۔
کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈپارٹمنٹ کے جاری پریس ریلیز کے مطابق ملزم نے سال 2002 میں ایک کالعدم سیاسی تنظیم میں شمولیت اختیار کی۔ اسے سال 2009 میں ٹارگٹ کلنگ کی ٹیم میں شامل کیا گیا۔
گرفتار ملزم کی تفتیش کے مطابق اس نے دیگر تنظیمی ساتھیوں کے ساتھ مل کر سال 2012 میں ناظم آباد میں فائرنگ کرکے تین افراد کو قتل کیا جبکہ ایک شخص زخمی بھی ہوا۔
سال 2010 میں پاک کالونی میں بسم اللہ ہوٹل لڈن حلوہ پوری کے قریب فائرنگ کرکے مخالف سیاسی تنظیم کے لڑکوں کو قتل کیا۔
ملزم پر یہ بھی الزام ہے کہ سال 2011 میں اس نے لسانی بنیادوں پر گٹر باغیچہ پاک کالونی سے کار میں سوار دو افراد کو اغوا کرکے آبادکاری گراؤنڈ میں قتل کیا اور ان کی لاشیں چاؤلہ مارکیٹ کی کچرا کنڈی پر پھینک دیں۔