24 اگست ، 2022
کراچی میں وزیراعلیٰ ہاؤس کے قریب مرکزی شاہراہ پر سیوریج لائن پھر بیٹھ گئی جس سے ڈاکٹر ضیاء الدین احمد روڈ پر 6 سے 8 فٹ تک کا گڑھا پڑ گیا۔
اس واقعے کے بعد ایک بار پھر ڈاکٹر ضیاء الدین احمد روڈ کے کلفٹن کی طرف جانے والے ٹریک کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق کراچی میں مسلسل ہونے والی بارش کے نتیجے میں وزیراعلیٰ ہاؤس کے عین سامنے 88 انچ قطر کی سیوریج لائن خستہ حالی کے باعث بیٹھ گئی، گڑھے کی گہرائی 15 سے 20 فٹ بتائی جا رہی ہے۔
ٹریفک پولیس نے حسب سابق اس گڑھے کے اطراف آہنی رکاوٹیں کھڑی کرکے ہر قسم کی آمد و رفت معطل کردی تاکہ ممکنہ طور پر شہریوں کو حادثات سے بچایا جا سکے۔
ایک ماہ قبل اسی روڈ پر چند گز کے فاصلے پر اسی نوعیت کا گڑھا پڑگیا تھا، تین ہفتے قبل ڈاکٹر ضیاء الدین احمد روڈ پر شاہین کمپلیکس کے مرکزی چوک پر بھی اسی نوعیت کا گڑھا پڑ گیا تھا جس کی مرمت کا کام تاحال جاری ہے۔