27 اگست ، 2022
سندھ کے ضلع خیر پور کی تحصیل کنگری کے گاؤں خیر محمد جتوئی گوٹھ کے رہائشی چاروں طرف سے پانی میں گِھرے ہوئے ہیں اور حکومتی امداد کے منتظر ہیں۔
خیر محمد جتوئی گوٹھ کو چاروں طرف سے 10 سے 12 فٹ گہرے سیلابی پانی نے گھیر رکھا ہے اور مقامی افراد بے بسی کی تصویر بنے حکومتی توجہ اور امداد کے منتظر ہیں۔
جیو نیوز کی ٹیم جب بذریعہ کشتی 3 سے 4 کلومیٹر تک کا فاصلہ طےکرکے خیر محمد جتوئی گوٹھ پہنچی تو وہاں ہرطرف بارشوں اور سیلاب کی تباہی دکھائی دے رہی تھی۔
سیلابی پانی میں گِھرے بے بسی کی تصویر بنے شہریوں کے پاس پیاس بجھانے کے لیے نہ تو پینےکا صاف پانی ہے اور نہ ہی پیٹ کی آگ بجھانے کے لیے غذائی اجناس موجود ہیں۔
شہریوں نے سندھ حکومت اور فلاحی اداروں سے اپیل کی ہےکہ ان کی مدد کی جائے وہ گزشتہ 10 روز سے پھنسے ہوئے ہیں اور شدید مشکلات کا شکار ہیں۔