Time 31 اگست ، 2022
دلچسپ و عجیب

جاپانی حکومت کی فلاپی ڈسک کے خلاف 'اعلان جنگ'

جاپان میں اب بھی سرکاری اداروں میں فلاپی ڈسک کا استعمال ہورہا ہے / رائٹرز فوٹو
جاپان میں اب بھی سرکاری اداروں میں فلاپی ڈسک کا استعمال ہورہا ہے / رائٹرز فوٹو

اگر آپ کسی نوجوان سے پوچھیں کہ فلاپی ڈسک کیا ہے تو زیادہ امکان یہی ہے کہ اسے علم ہی نہیں ہوگا۔

اس کی وجہ یہ ہے کہ فلاپی ڈسک کا زمانہ ختم ہوئے عرصہ ہوگیا مگر جاپان وہ ملک ہے جہاں اب بھی اس کا استعمال سرکاری محکموں میں ہورہا ہے۔

مگر اب جاپان کے ڈیجیٹل وزیر نے اس ٹیکنالوجی کے خلاف 'اعلان جنگ' کردیا ہے جس کو مختلف ممالک میں دہائیوں سے نہیں دیکھا گیا۔

جاپان کے ڈیجیٹل وزیر ٹارو کونو نے ایک ٹوئٹ میں بتایا کہ فلاپی ڈسک اب بھی متعدد حکومتی اداروں کے لیے استعمال کی جاتی ہے۔

اس سے قبل 30 اگست کو ایک پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ ہم نے اس کا جائزہ لیا ہے اور ہمیں تو حیرت ہے کہ موجودہ عہد میں کوئی فرد فلاپی ڈسک خریدتا کہاں سے ہے۔

سونی گروپ کارپوریشن نے 2011 میں فلاپی ڈسک کی پروڈکشن ختم کردی تھی اور متعدد نوجوان تو یہ بتانے سے قاصر ہیں کہ اسے استعمال کیسے کرتے ہیں یا شناخت ہی نہیں کرپاتے۔

جاپان کو جدید ٹیکنالوجی جیسے کلاؤڈ اسٹوریج کو اپنانے کے حوالے سے قانونی رکاوٹوں کا بھی سامنا ہے۔

جاپانی ڈیجیٹل ٹاسک فورس نے اس حوالے سے 2022 کے آخر تک منصوبہ پیش کرنے کا اعلان کیا ہے۔

مزید خبریں :