Time 05 اکتوبر ، 2024
پاکستان

پی ٹی آئی کا مینار پاکستان پر احتجاج کا اعلان، وکلا اور رہنماؤں سمیت متعدد کارکن گرفتار

لاہور میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مینار پاکستان پر احتجاج کے اعلان کے بعد مختلف مقامات سے وکلا اور رہنماؤں سمیت متعدد کارکنوں کو گرفتار کرلیا۔

پی ٹی آئی کارکنوں اور رہنماؤں کی مینار پاکستان پہنچنے کی کوششیں تاحال جاری ہیں جبکہ احتجاج کرنے والوں پر پولیس کا کریک ڈاؤن بھی جاری ہے۔ پولیس کی پی ٹی آئی رہنما احمد خان کی گرفتاری کی کوشش کو کارکنوں نے ناکام بنا دیا۔

مسرت جمشید چیمہ کو آزادی فلائی اوور سے گرفتار کر لیا گیا، کارکنوں اور پولیس کے درمیان ٹیکسالی اور آزادی فلائی اوور کے قریب چھڑپیں ہوئیں جس کے بعد آزادی فلائی اوور گریٹر اقبال پارک کی لائٹیں بند کر دی گئیں۔

مینار پاکستان گراؤنڈ میں پہنچنے والے 2 وکلا اور ایک خاتون کو پولیس نےحراست میں لے لیا۔ اس سے قبل پی ٹی آئی وکلا نے  ہائیکورٹ جی پی او چوک اور ضلع کچہری پر احتجاج کیا تو  کئی وکلا کو گرفتار کر لیا گیا۔

ایوان عدل کے باہر بھی پی ٹی آئی کارکنان اور پولیس کے درمیان تصادم پوا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مظاہرین کے پتھراؤ سے 13 پولیس اہلکار زخمی ہوئے، پولیس نے جواب میں مظاہرین پر آنسو گیس کے شیل پھینکے۔

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران خود پولیس دستوں کو لیڈ کرتے رہے۔ 

دوسری طرف ذرائع کے مطابق پولیس نے 9 مئی کے واقعے میں مطلوب شرپسندعناصر کی گرفتاری کیلئے حکمت عملی بھی بنا رکھی ہے۔ سیف سٹی اتھارٹیز کےکیمروں کے ذریعے لاہور کے مختلف علاقوں کی متواتر نگرانی کی جا رہی ہے۔

صبح ہی سے لاہور شہر کے داخلی اور خارجی راستے بند ہونے کے باعث لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ مسافرخوار، ایمبولینسزپھنس گئیں، مریض اور ان کے لواحقین پریشان رہے، بارات اور دلہا کی گاڑیوں کو بھی رستہ نہ ملا۔

مزید خبریں :