ایپل کا نیا آپریٹنگ سسٹم 12 ستمبر سے کن آئی فونز کو دستیاب ہوگا؟

یہ مخصوص آئی فونز کو ہی دستیاب ہوگا / فوٹو بشکریہ ایپل
یہ مخصوص آئی فونز کو ہی دستیاب ہوگا / فوٹو بشکریہ ایپل

ایپل نے گزشتہ دنوں آئی فون 14 سیریز اور واچ سیریز 8 کو متعارف کرایا تھا۔

مگر اس کے ساتھ ساتھ کمپنی کا نیا آپریٹنگ سسٹم بھی 12 ستمبر سے صارفین کو دستیاب ہوگا۔

آئی او ایس 16 اور واچ او ایس 9 صارفین کو 12 ستمبر سے دستیاب ہوں گے۔

آئی فونز کے نئے آپریٹنگ سسٹم میں متعدد نئے فیچرز کو پیش کیا جارہا ہے۔

ان فیچرز میں میسجز ایپ میں بھیجے گئے میسجز کو ایڈٹ کرنا، نئے پرسنلائز ٹولز اور دوستوں سے فوٹو لائبریری شیئر کرنے کا نیا طریقہ قابل ذکر ہے۔

مگر آئی او ایس 16 کو تمام آئی فونز پر اپ ڈیٹ کرنا ممکن نہیں ہوگا۔

ایپل کا نیا آپریٹنگ سسٹم صرف آئی فون 8 یا اس کے بعد کے ماڈلز کے لیے دستیاب ہوگا اور 2016 یا اس سے پہلے کے فونز میں اسے اپ ڈیٹ نہیں کیا جاسکے گا۔

یعنی اگر آپ آئی فون 6 ایس، آئی فون ایس ای اور آئی فون 7 استعمال کررہے ہیں تو اب آپ کے لیے ایپل کی سافٹ ویئر اپ ڈیٹس دستیاب نہیں ہوں گی۔

یہ غیرمتوقع فیصلہ نہیں کیونکہ ایپل کی جانب سے پرانی ڈیوائسز کے لیے سافٹ ویئر سپورٹ کو ہر سال ختم کیا جاتا ہے۔

مگر یہ واضح رہے کہ نئے آئی او ایس سسٹم تک رسائی ختم ہونے کے بعد بھی آپ کا پرانا آئی فون کام کرتا رہے گا، بس وہ نئے فیچرز سے محروم رہے گا۔

مزید خبریں :